محکمہ صحت کی شاہ خرچیاں

محکمہ صحت کی شاہ خرچیاں، 2 ارب کی نئی خریداری کی تیاریاں ، ڈیمانڈ ارسال

ویب ڈیسک: محکمہ صحت کی شاہ خرچیاں عروج پر، قیمتی سامان ہونے کے باوجود 2 ارب کی نئی خریداریاں ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ان کے زیر انتظام ہسپتالوں میں اربوں روپے کی طبی مشینری بے مقصد پڑی ہے۔ اس مشینری کو دوسرے ہسپتالوں میں سپلائی کیا جائے گا۔
دوسری جانب محکمہ صحت کی شاہ خرچیاں عروج پر پہنچ گئیں، حکام نے مزید سامان خریدنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے اور اس کیلئے 2 ارب کی نئی خریداریاں کرنے کیلئے حکومت سے فنڈ طلب کر لیا گیا۔
بعض ہسپتالوں نے طبی مشینری کے ساتھ ساتھ صوفہ سیٹ اور فرنیچرز وغیرہ کو بھی فہرست میں شامل کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے 2 ارب روپے ملنے کے بعد یہ رقم خرچ کی جائے گی۔
واضح رہے کہ محکمہ صحت کے مختلف ہسپتالوں میں کئے گئے سروے کے مطابق اربوں روپے کا طبی سامان بغیر استعمال کے پڑا ہوا ہے، یہ سامان دوسرے ہسپتالوں کو سپلائی کرنے کی منصوبہ بندی بنائی گئی تھی تاہم دعویٰ کیا گیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کی جانب سے مزید طبی سامان کی خریداری کیلئے 2 ارب روپے کے فنڈز کی ڈیمانڈ کی گئی ہے۔
ہسپتالوں نے اپنی ضروریات کے مطابق فہرستیں ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کو ارسال کی ہیں جن میں سے بعض ہسپتالوں نے ٹی وی، فریج، میز اور صوفے وغیرہ کو بھی طبی مشینری کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اس ضمن میں محکمہ صحت نے محکمہ خزانہ کو 2ارب روپے جاری کرنے کی درخواست کی ہے ان فنڈز میں سے ڈیڑھ ارب روپے سے زائد رقم سے نئی خریداری کی جائے گی اور باقی پیسے گذشتہ مالی سال کے دوران خریدی گئی مشینری کے بقایاجات کی مد میں دی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  پاکستان سٹاک ایکس چینج میں تیزی، 100 انڈیکس میں 140 پوانٹس کا اضافہ