کوروناخطرہ،ہسپتالوں میں الرٹ،قرنطینہ مراکزبحال،ماسک لازمی قرار

ویب ڈیسک: قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری ایڈوائزری پر باچا خان انٹرنیشنل ائر پورٹ پر بیرونی پروازوں سے آنے والے مسافروں کی کورونا کے شک پر سکریننگ دوبارہ شروع کردی گئی ہے۔
کورونا کی روک تھام کے لئے خیبر پختونخوا حکومت نے بھی پیر کے روز اہم اجلاس طلب کیا ہے۔
اور پشاور کے تینوں تدریسی ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے انتظامات دوبارہ بحال کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا کے نئے ویرینٹ جے این ون کے پھیلنے کے خدشات پر ملک بھر میں کورونا کی سکریننگ اور ٹیسٹنگ شروع کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے.
جس کے تحت ملک کے دوسرے ائر پورٹس کی طرح پشاور میں بھی باچاخان انٹرنیشنل ائر پورٹ پر بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کی سکریننگ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ہر پرواز میں ایک سے تین افراد کی سکریننگ کی جائے گی مرض کی تشخیص کی صورت میں جہاز میں آنے والے تمام افراد کے ٹیسٹ کئے جائیں گے،
اور قرنطینہ سنٹرز بھی بحال کر دئیے جائیں گے کورونا کی روک تھام کے لئے سخت ترین پالیسی مرتب کرنے کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے وفاق سے بھی رابطہ کیا گیا ہے.
وفاقی حکومت کی جانب سے پالیسی کی منظوری کے بعد صوبے میں اس کو نافذ العمل کر دیا جائے گا اور ماسک کو بھی دوبارہ لازمی قرار دیا جا رہا ہے ائر پورٹ ذرائع کے مطابق باچا خان انٹرنیشنل ائر پورٹ پر خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئَے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان، بابراعظم کپتان مقرر