کورونا ویریئنٹ کے دو مشتبہ

پاکستان میں جے این 1 کورونا ویریئنٹ کے دو مشتبہ کیس سامنے آگئے

ویب ڈیسک: سندھ میں نئے کورونا ویریئنٹ کے دو مشتبہ کیس سامنے آئے ہیں جس کی محکمہ صحت نے تصدیق کردی ہے۔
کراچی ایئر پورٹ پر دو فضائی مسافروں کے چیک اپ سے ان کے نئے کورونا ویریئنٹ میں مبتلا ہونے کا پتا چلا۔
ابھی یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ یہ دونوں کس ویریئنٹ کا شکار ہوئے ہیں۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ دونوں نئے کیس نئے کورونا ویریئنٹ JN.1 کے ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے دنیا بھر میں جے این 1 تیزی سے پھیل رہا ہے۔
کورونا کے اس نئے ویریئنٹ سے دنیا بھر میں حکومتیں شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ جن دو افراد میں نئے کورونا ویریئنٹ کا پتا چلا ہے ان کی عمریں 50 اور 60 سال کے درمیان ہیں اور وہ بالترتیب بنکاک اور جدہ سے جمعرات اور جمعہ کو آئے تھے۔
دی انفیکشیس ڈزیزز سوسائٹی آف پاکستان کے صدر ڈاکٹر رفیق خانانی کہتے ہیں کہ JN.1 نے امریکہ، یورپ، افریقا، چین، بھارت، کینیڈا اور ویتنام سمیت 50 سے زائد ملکوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔
عالمی ادارہ صحت بھی اس حوالے سے الرٹ جاری کرچکا ہے۔

مزید پڑھیں:  اقوام متحدہ نے غزہ کو قحط زدہ قراردے دیا