ایم کیو ایم

ایم کیو ایم کا وزارت عظمیٰ کیلئے نواز شریف کو ووٹ دینے کا وعدہ

ویب ڈیسک :متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ بات چیت خوش آئند قرار دیتے ہوئے انتخابات کے بعد وزارت عظمیٰ کے لیے ووٹ نواز شریف کو دینے کا وعدہ کردیا۔
کراچی میں مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں مستقبل کے اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رہنما ایم کیوایم و سابق وفاقی وزیر امین الحق نے بات چیت کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کچھ سیٹوں پر بات ہوئی ہے، کچھ سیٹوں پر مزید بات کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا اچھا فیصلہ آیا ہے، نواز شریف وزیر اعظم کے امیدوار ہوئے تو ایم کیو ایم ووٹ نواز شریف کو دے گی۔
امین الحق نے خواہش ظاہر کی کہ انتخابات کے بعد اتحادی حکومت قائم ہو اور سندھ میں اتحادی حکومت کے لیے مشترکہ طورپر آگے بڑھنا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا مشہود نے کہا کہ اس اتحاد کو آگے چلنا ہے، ہم نے حتمی مشاورت مکمل کرلی ہے اور کئی حلقوں میں ہماری سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں:  انتخابات میں دھاندلی پٔر پی ٹی آئی کا وائٹ پیپر جاری کرنے کا فیصلہ