سیکورٹی امور کا جائزہ

پشاور، انتخابات 2024، سیکورٹی امور کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس

ویب ڈیسک: ملک بھِر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کی تیاریوں اور سیکورٹی امور کا جائزہ لینے کیلئے چیف سیکرٹری وآئی جی پولیس خیبر پختونخوا کی سربراہی میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں تمام متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ سمیت دیگر محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
جبکہ صوبے کے تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ وریجنل پولیس افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس میں عام انتخابات کے دوران سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ الیکشن کے دن پولیس کی بڑی افرادی قوت سیکورٹی پر مامور ہوگی۔
چیف سیکرٹری کی ہدایت پر دیگر متعلقہ محکموں کے اہلکار وشہری دفاع کے رضاکار بھی ڈسٹرکٹ پولیس افسران کی نگرانی میں پولیس کی معاونت کیلئے فرائض سرانجام دینگے۔
محکمہ جنگلات سے 1200، وائلڈ لائف 700، ایکسائیز 500، انٹی کرپشن 270، بہبود آبادی (خواتین) 1977، صحت (خواتین) 12 ہزار ملازمین سمیت شہری دفاع سے 4125 رضاکار پولیس کی معاونت کیلئے دستیاب ہوں گے۔
تمام انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے، جبکہ 23 برفانی اضلاع میں بلاتعطل انتخابات کے عمل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
برفباری سے زیریں علاقوں کو نقل مکانی کرنیوالے عوام کو ووٹ کی سہولت کیلئے پولنگ سٹیشنز قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پولنگ اسٹیشنز پر سہولیات کی دستیابی کے حوالے سے فنڈز صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے فراہم کردئیے گئے ہیں۔
چیف سکرٹری خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کروایا جائیگا۔
انہوں نے جنرل الیکشن 2024ء کیلئے اب تک کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں:  جمرود،علاقہ شاہ کس میں بدبخت بیٹے کے ہاتھوں ماں قتل، مقدمہ درج