30مضبوط اُمیدوار

الیکشن2024، خیبرپختونخوا سے 30مضبوط اُمیدوار میدان میں اُتریں گے

ویب ڈیسک: اگلے ماہ فروری میں ہونیوالے انتخابات میں خیبرپختونخوا سے 30مضبوط اُمیدوار میدان میں اُتریں گے۔
انتخابی دنگل میں مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے سربراہان سمیت 30 ‘مضبوط اُمیدوار’ قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے قائد وسابق وزیراعظم میاں نوازشریف مانسہرہ کے حلقہ این اے 15 سے اُمیدوار ہیں جہاں ان کا مقابلہ تحریک انصاف کے رہنما (آزاد) شہزادہ گستاسپ خان اور جے یو آئی ف کے مفتی کفایت اللہ سے ہے۔
پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہرخان بونیر اور عمر ایوب خان ہری پور سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔
اسی طرح سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر این اے 19 صوابی سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق این اے 6 لوئردیر سے میدان میں ہیں
جبکہ این اے 22 مردان سے اے این پی کے مرکزی سینیئر نائب صدر وسابق وزیراعلیٰ امیر حیدر ہوتی اور پی ٹی آئی کے عاطف خان کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔
ڈی آئی خان کے حلقہ این اے 44 سے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی اور پی ٹی آئی کے علی امین گنڈا پور مدمقابل ہوں گے۔
سابق وزرائے اعلیٰ خیبر پختونخوا اور پی ٹی آئی پی کے چیئرمین پرویز خٹک اور وائس چیئرمین محمود خان نوشہرہ اور سوات سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ سردار مہتاب احمد خان ایبٹ آباد سے آزاد حثیت میں قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔
جے یو آئی کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ اکرم درانی بنوں سے صوبائی اسمبلی کی دو نشستوں پر میدان میں ہیں۔
اے این پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نوشہرہ سے صوبائی اسمبلی کی نشست کیلئے امیدوار ہیں۔
اسی طرح این اے 32 پشاور سے اے این پی کے غلام احمد بلور، این اے 25 چارسدہ سے اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان میدان میں ہیں۔
این اے 24 چارسدہ سے قومی وطن پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعلیٰ آفتاب احمد خان شیرپاؤ، لکی مروت سے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شیرافضل مروت، اپردیر سے پیپلز پارٹی کے رہنما نجم الدین خان اور این اے 43 ٹانک سے سابق وفاقی وزیر انور سیف اللہ خان انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  پشاور، منشیات کے خلاف تیسری مہم جاری ہے، چیف کلیکٹر خیبرپختونخوا