اپیل خارج

پشاور ہائی کورٹ:8 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کے ملزم کی اپیل خارج ‘سزا برقرار

ویب ڈیسک :پشاور ہائی کورٹ نے نوشہرہ کلاں میں 8 سالہ بچی سے زیادتی کے بعد قتل کرنے کے کیس میں ملزم کی اپیل خارج کرتے ہوئے 2 بار سزائے موت اور 2 بار عمر قیدکی سزا کا فیصلہ برقرار رکھا۔
ہائی کورٹ نے 26 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کردیا، فیصلے میں ملزم کی اپیل خارج کرتے ہوئے چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا گیا۔
ملزم نے28 دسمبر 2018 کو نوشہرہ کلاں میں8 سال کی بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا تھا۔
تحریری فیصلے میں عدالت کا کہنا تھا کہ ایسے ملزمان کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، یہ لوگ انسانی شکل میں بھیڑیے ہوتے ہیں، ایسے لوگوں کی وجہ سے معاشرہ غیر یقینی صورتحال کی طرف جا رہا ہے، آئے روز بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ ایک معصوم بچی کا اغوا اور قتل ظلم کی انتہا ہے، ایسی معصوم جانیں روزانہ یہ سوال کرتی ہیں کہ ان کا کیا قصور تھا، جس کا جواب عدالت کے پاس ہے اور نہ ہی معاشرے کے پاس ہے ۔

مزید پڑھیں:  پنجاب پولیس میں ریفارمز لاکر اسے ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، علی امین گنڈاپور