مسلم لیگ (ن) منشور

عام انتخابات، مسلم لیگ (ن) کا منشور "پاکستان کو نواز دو” پیش

ویب ڈیسک: عام انتخابات کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنا انتخابی منشور "پاکستان کو نواز دو” پیش کر دیا۔
تقریب میں قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف، پارٹی صدر میاں شہباز شریف، چیف آرگنائزر مریم نواز، اسحاق ڈار سمیت سینیٹر عرفان صدیقی نے بھی شرکت کی۔
منشور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ آج منشور پیش کرنے کے دن ہی لاہور میں کئی روز سے چھائی دھند چھٹ گئی،
انہوں نے کہا کہ انتخابی منشور کا اعلان کئے جانے پر لاہور میں دھند کا چھٹنا نیک شگون ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائدین نے منشور تیار کرنے کی ذمہ داری دی تھی، نواز شریف کی ہدایت تھی ایسا منشور نہیں دینا جس پر عمل نہ ہو،
انتخابی منشور بنانے میں تاخیر ترامیم کی وجہ سے ہوئی، ماضی کی کارکردگی کو بھی ہم نے منشور کا حصہ بنایا، یہ بھی بتایا کہ ماضی کے وعدے پورے ہوئے یا نہیں۔
لیگی سینیٹر نے مزید کہا کہ آج کے نوجوان کیلئے فیصلہ کرنا آسان ہوگیا، پی ٹی آئی اپنے دور حکومت کے 4 سال میں 4 بڑے منصوبے بتائیں۔
عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ عام رکشہ ڈرائیور سے بھی پوچھیں تو وہ مسلم لیگ (ن) کے منصوبے گنوائے گا،
شہباز شریف حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، 16 ماہ میں سب سے بڑی کارکردگی یہی ہے کہ ملک دیوالیہ نہیں ہوا

مزید پڑھیں:  نگران حکومت کا گندم درآمد سیکنڈل میں ملوث ہونا انتہائی شرمناک ہے ،پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز

مسلم لیگ ن کے منشور کے اہم نکات

1. تمام سرکاری دفاتر کو ماحول دوست بنائیں گے
2 .پارلیمنٹ کی بالادستی کویقینی بنایا جائے گا

عدالتی اصلاحات

3 .آرٹیکل 62 اور 63 کو اپنی اصل حالت میں بحال کیا جائے گا
4 .عدالتی، قانونی، پنچایت سسٹم اور تنازعات کے تصفیے کا متبادل نظام ہوگا
5 .عدالتی، قانونی اور انصاف کے نظام میں اصلاحات کی جائیں گی
6 .بروقت اور مؤثر عدالتی نظام کا نفاذ کیا جائے گا
7 .مؤثر، منصفانہ اور بروقت پراسیکیوشن ہوگی
8. یقینی بنایا جائے گا کہ بڑے اور مشکل مقدمات کا فیصلہ ایک سال کے اندر ہو
9. چھوٹے مقدمات کا فیصلہ دو ماہ میں سنایا جائے گا
10. نیب کا خاتمہ کیا جائے گا
11. انسداد بدعنوانی کے اداروں اور ایجنسیوں کو مضبوط کیا جائے گا
12. ضابطہ فوجداری 1898 اور 1906 میں ترامیم کی جائے گی
13. عدالتی کارروائی براہ راست نشر کی جائے گی
14. کمرشل عدالتیں قائم کی جائیں گی
15. سمندر پار پاکستانیوں کی عدالتیں بہتر اور مضبوط بنائی جائیں گی
16. عدلیہ میں ڈیجیٹل نظام قائم کیا جائے گا

معاشی اصلاحات

17. مالی سال 2025 تک مہنگائی میں 10 فیصد کمی کی جائے گی
18. چار سال میں مہنگائی 4 سے 6 فیصد تک لائی جائے گی
19. پانچ سال میں ایک کروڑ سے زائد نوکریاں دی جائیں گی
20. کرنٹ اکاؤنٹ خساره جی ڈی پی کا 1.5 فیصد تک کیا جائے گا
21. تین سال میں اقتصادی شرح نمو 6 فیصد سے زائد پر لائی جائے گی
22. پانچ سال میں غربت میں 25 فیصد کمی کا ہدف رکھا گیا ہے
23. افرادی قوت کی سالانہ ترسیلات زر کا ہدف 40 ارب ڈالر رکھا گیا ہے
24. پانچ سال میں بیروزگاری میں 5 فیصد کمی کی جائے گی
25. چار سال میں مالیاتی خسارہ 3.5 فیصد یا اس سے کم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے
26. پانچ سال میں فی کس آمدنی 2,000 ڈالر کرنے کا ہدف ہے

مزید پڑھیں:  حماس نے نیتن یاہو کو جنگ بندی معاہدے میں رکاوٹ قرار دیدیا

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ روایت ہے کہ ہر الیکشن میں جانے سے پہلے سیاسی جماعتیں منشور پیش کرتی ہیں،
نواز شریف نے کبھی دعویٰ نہیں کیا کہ وہ لوڈ شیڈنگ ختم کر دیں گے، نواز شریف نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ لوڈ شیڈنگ ختم ہو۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کراچی کے عوام کو گرین لائن بس کا تحفہ دیا، 11 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے جو ریکارڈ ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے منشور کا اہم حصہ ہے قوم کو جوڑ دو، آج دنیا ہم سے بہت آگے نکل گئی ہے، آپسی اختلافات کو بھلا کر قوم کو اکٹھا کرنا ہوگا، 5 سالوں میں بہت زہر اُگلا گیا، بہت مشکل سے ختم ہوگا۔