الیکشن کمیشن کا بیلٹ پیپر کا سائز کم کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بیلٹ پیپر کا سائز کم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ بیلٹ پیپرز کی دوبارہ چھپائی کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جن حلقوں میں بیلٹ پیپرز کی دوبارہ چھپائی کروانا پڑ رہی ہیں ان کو آخر میں چھاپا جائے گا۔
اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق بیلٹ پیپرز کی دوبارہ چھپائی خصوصی سیکیورٹی کاغذ اور وقت کی دستیابی پر منحصر ہو گی۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اس وقت انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی جاری ہے، جن کی عدالتی فیصلوں پر کئی حلقوں میں چھپائی دوبارہ کرنا پڑ رہی ہے۔
دوبارہ چھپائی کے لیے سیکیورٹی کاغذ کی دستیابی اور بر وقت چھپائی بڑا چیلنج ہے۔ اعلامیہ کے مطابق 2018ءمیں بیلٹ پیپرز کی چھپائی میں 800 ٹن خصوصی سیکیورٹی کاغذ استعمال ہوا، جبکہ 2024ءمیں امیدواروں کی کثیر تعداد پر 2400 ٹن خصوصی سیکیورٹی کاغذ درکار تھا۔
صورتحال کی سنگینی کے باعث بیلٹ پیپر کا سائز کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بیلٹ پیپر کا سائز کم کرنے سے سیکیورٹی کاغذ کی ضرورت 2170 ٹن رہ گئی ہے، یہ تعداد محض ایک دفعہ بیلٹ پیپر کی چھپائی کے لئے بمشکل کافی ہے۔

مزید پڑھیں:  عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں نیب طلبی کا نوٹس چیلنج کردیا