9مئی مقدمات:عمران اور شاہ محمود کےخلاف سماعت 13 فروری تک ملتوی

ویب ڈیسک :پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف 9 مئی کے 12 مقدمات کی سماعت 13 فروری تک ملتوی کردی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انسداد دہشت گردی کے جج ملک اعجاز آصف نے 9 مئی کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان، شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید کی درخواست ضمانتوں پر سماعت اڈیالہ جیل میں کی۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف 12 مقدمات کے چالان کی نقول ملزمان میں تقسیم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 13 فروری تک ملتوی کردی۔
ملزمان کی درخواست ضمانتوں پر سماعت بھی 13 فروری کو ہوگی۔ دوران سماعت بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔
بانی پی ٹی آئی کی وکالت ایڈووکیٹ وحید انجم کررہے تھے جبکہ شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری غیر حاضر تھے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی 9 مئی کے ایک مقدمہ میں ضمانت کی درخواست پر سماعت 10 فروری تک ملتوی کردی۔

مزید پڑھیں:  9 مئی واقعات، صوبائی وزیر مذہبی امور عدنان قادری کی ضمانت خارج