وزیراعظم

پاکستان کو ہوشربا چیلنجز درپیش ہیں،وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا ہمارا اپنا صوبہ ہے، مل کر ساتھ چلیں گے، پاکستان کو ہوشربا چیلنجز درپیش ہیں،اتفاق رائے سے وفاق میں حکومت قائم ہوئی ہے، عوام کے فیصلے کا سب کو احترام کرنا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ارکانِ قومی اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیاجس میں اتحادی جماعتوں کے سربراہان و قائدین،سینیٹرز،منتخب ارکان شریک ہوئے۔
سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے عشایئے میں وزیرِاعظم ہاس پہنچنے پر شہباز شریف نے خود ان کا استقبال کیا۔
عشائیہ کے آغاز پر وزیراعظم شہباز شریف نے تمام ارکان کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم نے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری ہمارے مشترکہ صدارتی امیدوار ہیں، تمام اتحادی مل کر ملکی معاشی مشکلات کا حل نکالیں گے، خیبر پختو نخوا میں جس کو مینڈیٹ ملا ہے، اس کا ہم احترام کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا ہمارا اپنا صوبہ ہے، کوشش ہوگی مل کر ساتھ چلیں، ملک و قوم کی مل کر تقدیر بدل دیں گے، اتفاق رائے سے وفاق میں حکومت قائم ہوئی ہے، عوام کے فیصلے کا سب کو احترام کرنا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ٹیکس ہمیں اب کم کرناچاہیے،ٹیکس بیس کو بڑھانا چاہیے، عوام نے انتخابات میں تمام جماعتوں کو مینڈیٹ دیا، پچھلے چار دنوں میں معاشی مسائل پر لگاتار اجلاس کیے ہیں،پاکستان کو ہوش ربا چیلنجز درپیش ہیں، ہماری جڑیں معاشی طور پر کھوکھلی کی جارہی ہیں، ہمیں مل کر اس کشتی کو پار لگانا ہے، اگر یہ کشتی ہچکولے کھاتی رہی تو تاریخ ہمیں اور ہماری نسلوں کو معاف نہیں کرے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آصف زرداری 2 سے 3 دن میں صدر منتخب ہوجائیں گے، سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں ہماری اکثریت ہے۔
اکثریت کا یہ مطلب نہیں کہ ہم ووٹ نہیں مانگیں گے، جو ووٹ نہ دے اس کے پاس بھی جانا چاہیے، درخواست ہے مل کر اس مہم کو کامیاب کرائیں،دل گواہی دیتا ہے جب آصف زرداری صدر بنیں گے تو مقاصدکے حصول کیلئے ہم آہنگی ہوگی۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی ایک بار پھر فتنہ فساد کی سیاست کررہی ہے، فیصل کریم کنڈی