پاک افغان وزراء کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

ویب ڈیسک: پاک افغان وزراء کے مابین تجارتی، راہداری اور اقتصادی تعلقات کی بہتری کے حوالے سے اہم ملاقات ہوئی۔
ذرائع کے مطابق افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیرخان متقی اور پاکستان کے نائب وزیر تجارت خرم آغا کے درمیان وفود کے ہمراہ کابل میں ملاقات ہوئِی۔
افغان وزیر خارجہ مولوی امیرخان متقی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ دونوں ممالک کی مشترکہ اقدار کا احترام یقینی بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تجارت اور راہداری کے شعبوں میں موجود مسائل کے حل کے لیے مشترکہ اور مخلصانہ اقدامات ناگزیر ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستان کے نائب وزیر تجارت خرم آغا نے افغانستان کے دورے کی دعوت دینے پر افغان حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود تمام مسائل کا حتی الامکان جلد از جلد حل نکالا جائے گا۔
افغان حکومت کی جانب سے اس حوالے سے بتایا گیا ہے ملاقات کا مقصد تجارتی، راہداری اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانا تھا۔
پاک افغان وزراء کے مابین ملاقات میں‌تجارتی اور ٹرانزٹ تعلقات کے فروغ، بارڈر پر مسافروں، مریضوں اور تاجروں کی آمدورفت میں سہولیات کی فراہمی پر بھی زور دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  بارشوں کا نیا سپیل، خیبر پختونخوا میں سیلاب کے خطرات۔ الرٹ جاری