جگر پیوند کاری اور بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹرز کا قیام

عوام کوصحت کی معیاری سہولات مقامی سطح پر فراہم کرنے کے سلسلے میں ایک اہم اقدام کے طور پر صوبہ خیبر پختونخوا میں لیور اور بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹرز کے قیام کا فیصلہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے محکمہ خزانہ کو ان سنٹرز کے قیام کے لئے درکار فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کی ہدایات جاری کرکے یقینا ایک اہم اقدام کیا ہے ، امر واقعہ یہ ہے کہ ا ن اور دوسری متعلقہ بیماریوں کے علاج معالجے کے لئے پشاور میں سرکاری ہسپتالوں میں کوئی خاص سہولت موجود نہیں ، ڈائیلاسز کے لئے اگرچہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ایک شعبہ کام ضرور کر رہا ہے تاہم وہاں پر مریضوں کا دبائو اور درپیش مسائل کی وجہ سے کچھ پرائیویٹ ادارے بھی حکومتی ہسپتالوں کا بوجھ تقسیم کرنے میں سرگرم ہیں جبکہ جگر کی پیوندکاری اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کے حوالے سے سہولیات موجود نہ ہونے کی وجہ سے مریضوںکو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، اور ضرورت اس امر کی ہے کہ اس ضمن میں ضروری سہولیات پرمبنی یونٹ قائم کرکے صوبے کے متعلقہ مریضوں کو علاج معالجے میں درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائے ضروری فنڈز کی فراہمی کی ہدایات دے کر وزیر اعلیٰ نے ان سنٹرز کے قیام کو یقینی بنانے میں جو کردار ادا کیا ہے وہ یقینا قابل تحسین ہے اور امید ہے کہ اب متعلقہ مریضوں کو مقامی سطح پر ان جان لیوا بیماریوں کے علاج معالجے کی سہولیات دستیاب ہونا شروع ہوجائیں گی۔

مزید پڑھیں:  بھارت کے انتخابات میں مسلمانوں کی تنہائی