پاکستان کی بھارتی وزیر دفاع کے اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت

ویب ڈیسک: بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے شر انگیز بیان کہ ہم دہشتگرد کو پاکستان میں بھی نہیں چھوڑتے اس پر پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے شدید مذمت کی گئِی ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے مزید پاکستانیوں کی ٹارگٹ کلنگ کے بیان کی پاکستان نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان نے رواں سال کے آغاز میں ہی بھارت کی پاکستان میں دراندازی کے ناقابل تردید شواہد فراہم کئے جو تمام معاملات کے حوالے سے واضح ثبوت تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس کے باوجود بھارت کا مزید شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کا دعویٰ جرم کا کھلا اعتراف ہے۔ عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہئے۔
دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں انتخابات قریب ہیں ایسے میں اپنے انتخابی فائدے کیلئے بھارتی حکمران شرانگیز بیانات جاری کر رہے ہیں تاکہ اس کا فائدہ انہیں پہنچ سکے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کیلئے آواز بلند کی ہے۔ لیکن ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ تاریخ پاکستان کے بھرپور دفاع کی صلاحیت کی شاہد ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ایک برطانوی جریدے نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی نے 2020 سے اب تک پاکستان میں 20 شہریوں کو قتل کیا۔
دوسری جاب بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر کوئی دہشتگرد ہمارے ملک میں کارروائی کر کے پاکستان چلا جاتا ہے تو ہم سرحد پار کر کے اسے ماریں گے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل بیانات مسترد، تجارتی پابندی برقرار رہے گی، ترکیہ