بارشوں کی پیشگوئی

ملک بھرمیں مزید بارشوں کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات کی جانب سے کل سے ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 16اپریل کو ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا۔
بارش کا سلسلہ16سے 19اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں 17سے 21اپریل کے دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان میں موسلا دھار بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔
اسلام آباد، مری، گلیات، اٹک، چکوال میں بھی وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان میں 16 سے 19 اپریل کے دوران مختلف حصوں میں بارش کا امکان ہے، کراچی، حیدرآباد، سکھر، جیکب آباد میں 17 اور 19 اپریل کے دوران بارش متوقع ہے ۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ بارش کے باعث جہاں درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے وہیں موسلادھار بارش کے سبب 17 سے 18 اپریل کے دوران دیر، سوات، چترال، کوہستان اور دریائے کابل کے ملحقہ علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، مری، گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کابھی اندیشہ ہے ۔

مزید پڑھیں:  طے کرلیں ہم کسی کے ہاتھوں استعمال نہیں ہوں گے، چیف جسٹس