ایف پی سی سی آئی

پشاور :ایف پی سی سی آئی کا بزنس کمیونٹی اور اداروں میں مربوط نظام قائم کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: ایف پی سی سی آئی نے ملکی معاشی ترقی کے لئے حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے بزنس کمیونٹی اور اداروں میں مضبوط و مربوط نظام قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
اس سلسلے میں فیڈریشن آف پاکستان کا وفد صدر عاطف اکرام شیخ اور یو بی جی پیٹرن ان چیف ایس ایم تنویر کی سربراہی میں پشاور پہنچ گیا، مختلف چیمبرز کے ہنگامی دورے،ایف پی سی سی آئی کے ریجنل انچارج حاجی محمد افضل ، کوآرڈینیٹر اکبر خان، غضنفر بلور ، خیبر چیمبر سے جواد کاظمی، حماد کاظمی اور دیگر بھی وفد کے ہمراہ ہیں ۔
فیڈریشن نے وفد کی ملاکنڈ ڈویژن ، ہزارہ ڈویژن ، نوشہرہ، مردان، باجوڑ، دیر ، ہری پور ، ایبٹ آباد اور وویمن چیمبرز عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور میثاق معیشت پلان پر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
اس موقع پر ایس ایم تنویر کاکہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں اتنے وسائل ہیں ، لیکن مسائل دیکھ کے حیران ہوں،معدنیات سمیت کئی ایک سیکٹرز میں گیم چینجنگ پاور موجود ہے، مسئلہ منصوبہ بندی اور عمل درآمد کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک کے چیمبرز کو آن بورڈ لے رہے ہیں، مسائل کا حل وقت کی اہم ضرورت ہے،سیاست سیاست کھیلنے کا نہیں، مل کے آگے بڑھنے کا وقت ہے، وگرنہ حالات مزید ابتر ہو سکتے ہیں۔
ایس ایم تنویرکا مزید کہنا تھا کہ مہنگی بجلی ، لوڈشیڈنگ ، بے روزگاری، عدم اعتماد، اگر یہ سب رہا تو معاشی ترقی کو بھولنا ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت اداروں کو بزنس کمیونٹی کی اہمیت تسلیم کرنا ہوگی کیونکہ معیشت کو یہی طبقہ اٹھا سکتا ہے،یو بی جی اور فیڈریشن ملکی معاشی ترقی کی خواہاں ہے۔
اس موقع پر عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا دہشتگردی کا شکار صوبہ رہا ہے، اسے ٹیکسوں میں چھوٹ دی جانی چاہیے ، بزنس کمیونٹی کو اگر ٹیکسز کے بوجھ تلے دبایا جاتا رہا تو معاشی ترقی کو بھول جائیں۔
انہوں نے کہا کہ تاجروں و صنعتکاروں کے مسائل کو حل کیے بغیر بے روزگاری کا خاتمہ صرف خواب ہی ہے، صنعتکار اپنے ساتھ سینکڑوں گھرانوں کو لے کر چلتا ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی لازم و ملزوم کرنا ہوگی۔

مزید پڑھیں:  پشاور میں شدیدگرمی اور بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ سے عوام بے حال