پرویز الٰہی کے گھر کو سب جیل قرار دے دیا گیا

ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما پرویز الٰہی کے گھر کو سب جیل قرار دیتے ہوئے 15 روز میں ہائوس اریسٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ان کی رہائشگاہ کو سب جیل قرار دے دیا ہے اور انہیں 15 روز کے اندر ہائوس اریسٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے اپنے حکم میں متعلقہ حکام کو کہا ہے کہ پرویز الٰہی کو 15 دن میں سب جیل منتقل کرنے کا پروسیجر مکمل کریں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کو ان کی مرضی کے مطابق طبی سہولتیں فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ان کی عمر 78 سال ہے، علاج سے متعلق معاملہ بھی دیکھ لیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی نے اپنے شوہر کی اڈیالہ سے لاہور منتقلی اور ہائوس اریسٹ کی درخواستوں پر گزشتہ جمعرات کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  طورخم سرحد آج سے بند، تجارتی سرگرمیاں جاری رہیں گی، بارڈر حکام