عمران نے خیبرپختونخوامیں رابطہ عوام مہم شروع کردی

عمران خان نے خیبرپختونخوامیں رابطہ عوام مہم شروع کردی

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں عوامی رابطہ مہم شروع کردی ہے۔ چارسدہ میں ورکرز کونشن کے بعد پشاور میں وکلاء کنونشن اور اب بونیر اور شانگلہ میں جلسوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ آئندہ چند روز میں جنوبی اضلاع اور ملاکنڈ سمیت ہزارہ اور وسطی اضلاع میں بھی بڑے جلسے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

25مئی کو خیبرپختونخوا سے لانگ مارچ کی قیادت کے بعد چیئرمین تحریک انصاف کو انتہائی کم تعداد میں ورکرز کی شمولیت پر خدشات ہیں ۔ اس سلسلہ میں اب عوام سے وہ خود رابطہ کرنے کیلئے میدان میں اترے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے صوبہ کے مختلف اضلاع میں ورکرز کنونشن سمیت بڑ ے بڑ ے جلسوں کرنے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔ پشاور اور چارسدہ میں ورکرز اور وکلاء کنونشن کے بعد اب عمران خان شانگلہ اور بونیر میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

مزید پڑھیں:  حوالہ ہنڈی کیخلاف ملک گیر کریک ڈاؤن،کروڑوں کی کرنسی برآمد
مزید پڑھیں:  راولپنڈی میں کالعدم ٹی ٹی پی کے 2دہشتگرد ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی ورکرز کی مقامی قیادت سے لاتعلقی اور ان پر عدم اعتماد سامنے آنے کے بعد پی ٹی آئی کے قائد نے خود عوام سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شانگلہ اور بونیر کے بعد جنوبی اضلاع، ہزارہ اور وسطی اضلاع میں بھی جلسے کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جس سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان خطاب کریںگے۔