جنوبی افریقا کے تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے کورونا ٹیسٹ منفی آگئے

ویب ڈیسک (کراچی): دورہ پاکستان پر گزشتہ روز کراچی پہنچنے والی جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے کویڈ ٹیسٹ منفی آگئے۔

تفصیلات کے مطابق مہمان ٹیم نے اتوار کی صبح کراچی جیم خانہ گراؤنڈ پر پریکٹس کا آغاز بھی کردیا ہے، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں 26 جنوری سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے مہمان سائیڈ نے پہلے روز پریکٹس کا آغاز ہلکی پھلکی ورزشوں سے کیا، دوران پریکٹس کھلاڑی خوشگوار موڈ میں نظر آئے، جنوبی افریقہ کی ٹیم مقامی ہوٹل میں قرنطینہ کے دوران مسلسل 6 روز تک کراچی جیم خانہ گراؤنڈ پریکٹس کرے گی۔

مہمان ٹیم کے ترجمان کے مطابق پیر کو صبح 10 بجے شروع ہونے والی پریکٹس کے بعد دوپہر دو بجے افریقی ٹیم کے کپتان کونٹن ڈی کوک ورچل پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ بدھ کو جنوبی افریقہ ٹیم کے منیجر کی میڈیا کانفرنس ہوگی۔ جمعرات اور جمعے کو مہمان ٹیم انٹر اسکواڈ میچز کھیلے گی۔ دوسرے کوویڈ ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کی صورت میں جنوبی افریقہ کی ٹیم ہفتہ اور اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی۔