ترگت اور بامسی

ترگت اور بامسی کو پاکستانیوں کی مہمان نوازی پسند آگئی

ویب ڈیسک: ترک ڈرامہ سیریز ’ارطغرل‘ کے کردار ترگت الپ اور بامسی بے کو پاکستانیوں کی مہمان نوازی پسند آگئی ہے۔

ارطغرل ڈرامہ کے ستارے کنگیز کوسکن المعروف ترگت الپ اور نورتین سونمیز المعروف بامسی بے ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں اور آج انہوں نے کراچی میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا ہے۔ ترجمان ایس ایس یو کے مطابق ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کراچی مقصود احمد نے ترک اداکاروں کا استقبال کیا۔

ترجمان کے مطابق ترک اداکاروں نے ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کراچی کے ہمراہ ایس ایس یو کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے ایس ایس یو کی موجودہ پیشہ وارانہ مہارت اورانتظامات کی تعریف کی، ڈی آئی جی مقصود احمد نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں پہلی مرتبہ ایس ایس یو سندھ پولیس میں خصوصی (ایس ڈبلیو اے ٹی) ٹیم قائم کی گئی ہے جس میں کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوز تربیت یافتہ اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہیں، یہ ٹیم کسی بھی ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔

مزید پڑھیں:  یوسین بولٹ رواں سال ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کے سفیر مقرر

اداکاروں نے ایس ایس یو کے انتظامی، سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی امور میں اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کو سراہا اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی عوام کی طرف سے دی گئی پرتپاک مہمان نوازی پر بہت اچھا محسوس کر رہے ہیں۔ دورے کے دوران ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن نے مہمانوں کو اعزازی شیلڈز پیش کیں اور ان کی آمد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزید پڑھیں:  پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی دونوں نے ملک کو نقصان پہنچایا، پروفیسر ابراہیم خان