عدالت میں گرفتار ملزمہ کا قتل

کراچی: عدالت میں گرفتار ملزمہ کا قتل اور لاش کے ٹکڑے کرنے کا اعتراف

کراچی: 75 سالہ شہری شیخ سہیل کو قتل کرنے والی ملزمہ نے عدالت میں جرم کا اعتراف کرلیا، خاتون کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

خاتون کمرہ عدالت میں بھی مسکراتی رہی، ملزمہ عدالت سے باہر آئی تو صحافیوں نے سوال کیا کہ قتل کیوں کیا؟ ملزمہ مسکراتی رہی، قتل کا اعتراف کیا اور وجہ بتائے بغیر آگے بڑھ گئی۔

گزشتہ روز کراچی کے علاقے صدر میں واقع عمارت میں خاتون کے ہاتھوں 75 سالہ شخص کے مبینہ لرزہ خیز قتل کا واقعہ پیش آیا تھا، پولیس نے جائے واردات سے خاتون کو گرفتار کیا تھا، پولیس کے مطابق گرفتار خاتون نے مقتول کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیئے تھے اور پھر اعضا کے قریب ہی سو گئی تھی۔

مزید پڑھیں:  سابق وزیر خارجہ کو بلو رانی کہنے پر مجھ پر کیس بنایا گیا ہے، شیخ رشید احمد

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ خاتون کا بیوی ہونے کا دعویٰ مشکوک ہوگیا کیونکہ مقتول کے اہل خانہ نے پولیس سے رابطہ کرکے کہا ہے کہ خاتون مقتول کی اہلیہ نہیں ہے، ڈیڑھ سال پہلے بھی یہ خاتون ان کے پاس آئی تھی اور کہا مجھے شوہر نان نفقہ نہیں دے رہا۔

مزید پڑھیں:  جنوبی پنجاب میں خسرے کی وبا پھوٹ پڑی، بچے متاثر

پولیس کے مطابق خاتون کے ہاتھ اور کپڑے پر خون کے دھبے موجود تھے اور سارے شواہد اس کے خلاف تھے، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرکے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے تھے۔