شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، پمز ہسپتال میں رکھنے کا حکم

ویب ڈیسک: اسلام آباد کی سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ مسترد کرتے ہوئے پمزہسپتال دوبارہ منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد کی عدالت نے پولیس کی جانب سے شہباز گل کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کر دی، عدالت نے انہیں پیر تک پمز ہسپتال میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو پولیس نے سخت سکیورٹی میں ہسپتال سے اسلام آباد کچہری منتقل کیا۔ پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کے مزید 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کر دی۔
شہباز گل کے وکیل فیصل چودھری نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کر دی۔ عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔
بعد ازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی جبکہ شہباز گل کو پیر تک ہسپتال رکھنے کا حکم دیا ہے۔
اس سے قبل پمز میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں شہباز گل کو نارمل قرار دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:  پارٹی متحرک کرنے کیلئے نواز شریف کا رانا ثنا اللہ سے رابطہ