مشرقیات

سمری آگئی اب خدا کے لیے بس کریں یہ کیا کہ ساری قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے خاص کر سوشل میڈیا پر وہ ہنگامہ گزشتہ ایک ہفتے سے دیکھا جا رہاتھا جیسے پاکستان کے نئے آرمی چیف کانام فائنل ہوتے ہی ہمارے تمام مسائل حل ہو جائیںگے۔خدا کے بندو دنیا کا کوئی ایک ملک بھی ایسا بتادیں جہاں فوج کے سپہ سالار کی تقرری پر اتنا ٹائم پاس کیا گیا ہو،اس سے کم ازکم ایک بات تو ثابت ہو گئی کہ جہاں دنیا کے پاس اپنے مسائل حل کرنے کی وجہ سے سرکھجانے کی بھی فرصت نہیں وہیں ہم بالکل فارغ بلکہ ”فارغ البال”بیٹھے ہیں فارغ البال ایسے کہ بال بچوںکی بھی اتنی فکر ہمارے ہاں یارلوگ نہیں کرتے جتنی انہیں اس اہم تقرری کی تھی۔بہرحال سمری وزیراعظم کے پاس ہے اور دیکھنا یہ ہے کہ وہ اب اپنا فیصلہ کب سناتے ہیں ؟کہنے والوں کے بقول کپتان نے ہفتے کے روز اگر تماشا کھڑاکر دیا تو اس کی بھی اب ذمہ داری سرکار کے سر ہوگی کہ اور شاید اسی لیے سمری بھیج کر سرکارکو پورے تین دن غور وفکر اور فیصلے کے لیے دے دئیے گئے ہیں۔اب سب منہ اٹھا کے شاباش میاں کو دیکھ رہے ہیں اور سنا ہے وہ لندن میں تفصیلی مشاورت کے بعد بھی لندن کی جانب ہی منہ اٹھائے دیکھ رہے ہیں انہیں کوئی بتائے کہ میاں صاحب لند ن چھوڑکر گھومنے نکل چکے ہیں اب فیصلہ انہوں نے ہی کرنا ہے ا ور ساتھ میں یہ بھی ضرور یاد دلایا جائے کہ میاںصاب آپ وزیراعظم ہیں سنا ہے گزشتہ روز سابق صدر سب پہ بھاری انہیںیہی یاد دلانے ملاقات کو جا پہنچے تھے۔بہرحال آج کل میں فیصلہ بھی آجائے گا اور جب سارا گردوغبار بیٹھ جائے گا تو ہمیں معلوم ہوگا کہ اس تقرری سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں تھا نہ ہی ہمارے مسئلے مسائل اس تقرری سے جڑے ہوئے تھے اور یوںویلی قوم کو کم ازکم اپنے مسائل حل کرنے کی فکر لگ جائے گی یہ اور بات کہ اس نے پہلے کی طرح کوئی اور لاتعلق قسم کی مسئلہ یا ٹرک کی بتی کہہ لیں تخلیق کرکے اس کے پیچھے لگ جانا ہے۔آخر ہم لوگ اتنے فارغ کیوں ہیں توا س کا ایک ہی جواب ہے کہ ہمارے ہاں کے لوگوںنے ہمت ہاردی ہے سب کے سب اس انتظار میں بیٹھے ہیں کہ کوئی معجزہ ہوجائے اور ان کے تمام مسائل حل ہو جائیں۔یہ شکست خوردگی کی علامت ہے اور اس کے ہوتے ہوئے ہماری قوت فیصلہ مفلوج ہوچکی ہے ہم بس معجزوں کے انتظار میں ہیں ہاتھ پائوں ہلائے نہیں جاتے ایسے میں مسائل کی گٹھڑی بڑھتی جا رہی ہے ان گٹھڑی سے آنکھیں چرانے کے لیے ہم ادھر ادھر کے ان تماشوں کے پیچھے پڑ جاتے ہیں جن سے ہمارا کوئی تعلق واسطہ نہیں ہوتا۔اپنا کام تو کرنے سے رہے دوسرے کے کام میں کیڑے نکالنے ہمارا محبوب مشغلہ ہے۔اسی مشغلے کے باعث یہ قوم ٹائم پاس قوم کہلاتی ہے عالمی برادری میں۔

مزید پڑھیں:  پلاسٹک بیگزکامسئلہ