اسلام آبادمیں بلدیاتی الیکشن

ہائیکورٹ کاآج اسلام آبادمیں بلدیاتی الیکشن کاحکم،حکومت اورالیکشن کمیشن کی معذرت

ویب ڈیسک :ہائی کورٹ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات آج ہی کرانے کا حکم دے دیا جبکہ الیکشن کمیشن اور حکومت نے آج31دسمبرکو انتخابات کرانے سے معذرت کر لی ہے۔اسلام آبادہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی طرف سے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کے خلاف کیس کی سماعت کی اوربعدازاں جسٹس ارباب محمد طاہر نے فیصلہ سنایا اورحکم دیا کہ الیکشن کمیشن 101 یونین کونسلز پر 31 دسمبر ہی کو الیکشن کرائے۔قبل ازیں کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں 101 یونین کونسلز پر 7 سے 10 دن میں بلدیاتی الیکشن کے انعقاد پر رضامندی ظاہر کی تھی، جس پر عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
دوسری طرف وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ آج بلدیاتی انتخابات کیلئے اتنی جلدی سکیورٹی فراہم کرنا ممکن نہیں، بلدیاتی الیکشن میں کم ازکم تین سے چار ماہ لگیں گے، پچھلی حکومت نے دو اڑھائی سال انتخابات کیوں نہیں کرائے؟ اب مزیددو ماہ سے کون سا پہاڑ گر جائے گا؟ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کررہے ہیں، آج اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا ہونا ناممکن ہے،الیکشن کیلئے اتنی جلدی سکیورٹی فراہم کرنا ممکن نہیں، ایک ہزار پولنگ اسٹیشنز پر اسلام آباد پولیس کو تعینات کرنا ممکن نہیں،الیکشن کیلئے ہمیں رینجرز اور ایف سی کو بلانے کی ضرورت ہوگی، بلدیاتی الیکشن کرانے میں کم ازکم تین سے چار ماہ لگیں گے، عدالت کا حکم سر آنکھوں پر ہے لیکن اتنی جلدی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔
اسلام آباد میں ووٹرز کو اندراج سے متعلق بہت سے اعتراضات ہیں، اسلام آباد میں قانون کے مطابق دوبارہ حلقہ بندیاں ہونی ہیں، بلدیاتی ادارے 2020میں اپنی مدت پوری کرچکے ہیں، پچھلی حکومت نے دو اڑھائی سال انتخابات کیوں نہیں کرائے؟دو اڑھائی سال تاخیر ہوگئی تو اب دو ماہ مزید تاخیر سے کون سا پہاڑ گر جائے گا۔دوسری طرف ذرائع کے مطابق ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعدچیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں عدالتی فیصلے پر غور کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں آج بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں، انتخابات کیلئے پریذائیڈنگ آفیسرز اور پولنگ عملے کا انتظام نہیں ہوسکا۔ ٹرانسپورٹ اور دیگر انتظامات بھی اتنے کم وقت میں ممکن نہ ہوسکے۔ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ مواد کی ترسیل بھی اتنے کم وقت میں ممکن نہیں، جلد بازی میں الیکشن سے شفافیت پر سوالات اٹھ جائیں گے۔

مزید پڑھیں:  بھارت :کسانوں کے دہلی چلو مارچ کو 100دن مکمل، ڈیڈلاک برقرار