مشرقیات

مالک نے اپنے داروغہ سے کہا ۔۔ دوڑو باغ میں جائو اور وہاں سے ایک انار توڑ لائو ہاں مگر دیکھا مجھے کھٹے انار کی ضرورت ہے ۔ داروغہ مالک کے پاس سے اٹھا باغ میں پہنچا اور ایک انار اتارلایا مالک نے انار چکھا تو میٹھا تھا بولا ۔۔ میں نے تو تم سے کہا تھا کہ کھٹا انار لے آئو داروغہ نے جس کا نام مبارک تھا جواب دیا۔۔ آقا مجھے کیا معلوم کہ کس درخت کے انار کٹھے ہیں اور کس کے میٹھے؟ مالک نے کہا۔۔ تم تو بڑے زمانے سے ملازم ہو باغ کی رکھوالی کے علاہ تمہارا اور کوئی کام ہی نہیں اور تمہیں اتنی بات بھی معلوم نہیں کہ کس درخت سے کٹھے انار اترتے ہیں اور کس سے میٹھے؟ مبارک نے جواب دیا ۔۔ جی ہاں نہیں معلوم!مالک نے غصے سے کہا ۔۔ اگر تمہیں یہ نہیں معلوم تو تم کرتے کیا ہو؟ مبارک نے کہا ۔۔ آپ نے مجھے اس باغ کی حفاظت اور چوکیداری کے لئے رکھا ہے انار چھکنے اورکھانے کی اجازت نہیں دی میں تو وہی کام کرتا ہوں جس کے لئے نوکر ہوں۔
آقا نے جو ایک ترک تاجرتھا یہ بات سنی تو بہت خوش ہوا بات خوشی کی تھی بھی دیانت و امانت مسلمانوں کی خصوصیت ہے یہ اور بات ہے کہ اب یہ خوبی حماقت سمجھی جاتی ہے مگر وہ ترک آقا جانتا تھا یہ کتنی بڑی خوبی ہے اس نے کہا ۔۔مبارک آج سے تم میرے دوست اور ساتھی ہو اب باغ میں رہنا چھوڑ دو اور میرے پاس اٹھ آئو چنانچہ حکم کی تعمیل میں مبارک مالک کے ساتھ رہنے لگے دن رات کا ساتھ تھا مالک نے مبارک کی ایک ایک بات پر کڑی نظر رکھی کچھ دنوں بعد مالک نے اسے بلا کر کہا۔۔ تم سے مجھے ایک مشورہ کرنا تھا مبارک نے کہا ۔۔ ارشاد!۔۔ آقا بولا۔ مجھے اپنی لڑکی کی شادی کرنی ہے یہ بتائو کہ مجھے کیسا لڑکا دھونڈنا چاہئے مبارک نے جواب دیا۔ قوم قوم اور جگہ جگہ کی الگ رسم ہے عہد جاہلیت میں عرب حسب نسب پر زور دیتے تھے یہودی مال ودولت کو دیکھتے ہیں اخلاق کو اہمیت نہیں دیتے عیسائی حسن و خوبصورتی کا خیال کرتے ہیں مگر اسلام میں دین کا اعتبار ہے آپ اپنے لئے ان میں سے جو معیار چاہیں پسند کر لیں حضرت زینب بنت جحش حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پھوپھی زاد بہن تھیں لیکن آپ نے انہیں زید بن حارثہ سے بیاہ دیا تھا زید غلام تھے آزاد کر دیئے گئے تھے۔ ایک معزز انصاری گھرانے نے اپنی لڑکی کے لئے رشتہ تجویز کرنے کی آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے درخواست کی تو آپۖ نے فرمایا۔۔ تم ایک جنتی چاہتے ہو تو بلال سے بیاہ دو۔ ترک آقا نے اپنی بیوی سے کہا۔۔مبارک نے کیا اچھی بات بتائی ہے تم نے سنی بیوی نے پوچھا۔۔۔ وہ کیا تو شوہر نے ساری بات کہہ سنائی بیوی کے دل نے بھی گواہی دی کہ مشورہ بالکل صحیح ہے شوہر نے بیوی سے کہا۔۔۔ جب یہی معیارٹھہرا تومبارک سے بہتر ہماری لڑکی کو اور کون ملے گا بیوی نے کہا۔۔ بسم اللہ ! مجھے بھی یہ رشتہ دل سے پسند ہے بستان المحدثین میں ہے حضرت عبد اللہ جو بہت بڑے محدث اور فقیہہ ہیں انہیں دیانتدارباپ کے بیٹے تھے۔

مزید پڑھیں:  موت کا کنواں