افغان بیوٹیشنز طالبات پشاور کا رخ

پابندیوں کے بعدافغان بیوٹیشنز اور طالبات نے پشاور کا رخ کر لیا

ویب ڈیسک : افغانستان میں خواتین بیوٹی پارلرز پر پابندی کے بعد افغان بیوٹیشنز نے پشاور کا رخ کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں کاروبار شروع کر دیئے ہیں جبکہ افغان طالبات نے بھی تعلیمی سرگرمیوں پر قدغن کی وجہ سے پشاور کی مختلف پرائیویٹ یونیورسٹیز میں داخلوں کیلئے درخواستیں دی ہیں۔ واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد سے خواتین بیوٹی پارلرز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ افغان طالبات کی اعلیٰ تعلیم بھی معطل کر دی گئی ہے
اس وجہ سے افغانستان میں بیوٹی پارلرز بند کر کے بعض خواتین نے اپنا کاروبار پشاور اور ملک کے دوسرے شہروں میں منتقل کر دیا ہے اس وقت پشاور میں افغان کالونی، صدر اور یونیورسٹی ٹائون کے علاوہ حیات آباد میں بھی نئے بیوٹی پارلرز گزشتہ چند مہینوں کے دوران کھولے گئے ہیں اس کے علاوہ تعلیم کی خواہش مند خواتین نے بھی نجی یونیورسٹیز میں پڑھائی کیلئے پشاور کا رخ کیا ہے اسلام آباد، لاہور اور کراچی کی پرائیویٹ یونیورسٹیز میں بھی افغان طالبات کے داخلوں کیلئے رابطے کئے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کا شدید ردعمل