آئی ایم ایف سے مذاکرات

آئی ایم ایف سے مذاکرات مکمل،اصلاحات پرعملدرآمدکی یقین دہانی

ویب ڈیسک : پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف)کے درمیان مذاکرات میں اصلاحات اور ان کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر اتفاق رائے ہوگیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے آئی ایم ایف مشن چیف کی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی، آئی ایم ایف مشن چیف نے وزیر خزانہ کو مذاکرات میں اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن چیف نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے کہا کہ مذاکرات کا میوچل اکنامک اینڈ فِسکل پالیسی(ایم ای ایف پی)مسودہ مرتب کر رہے ہیں، ایم ای ایف پی کا ڈرافٹ آج فائنل کر لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن چیف نے بتایا کہ مذاکرات میں فسکل پالیسیوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی، مذاکرات میں اصلاحات اور ان کے نتیجے میں کئے گئے اقدامات پر اتفاق رائے پایا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کاگزشتہ روز نواں روز تھا اورآج آخری روز ہے۔قبل ازیں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا تھا کہ حکومت اور آئی ایم ایف وفد سے مذاکرات میں ہونے والے فیصلوں کی وزیر اعظم سے منظوری لے لی گئی ہے۔
آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ پاکستان کی ضرورت ہے، آئی ایم ایف سے مذاکرات میں اب چیزوں کے اختتام کی جانب بڑھ رہے ہیں۔علاوہ ازیںآئی ایم ایف وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اس موقع پر وزیر خزانہ، معاون خصوصی خزانہ، وزارت خزانہ، وزارت توانائی کے حکام بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے آئی ایم ایف وفد سے معاشی صورتحال پر بات چیت کی، اس کے علاوہ معاہدے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کو پروگرام مکمل کرنے اور اہداف پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرا دی۔وزیرخزانہ نے وفد کو معاشی صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ توانائی حکام نے وزیراعظم کو نظرثانی شدہ گیس مینجمنٹ پلان پیش کیا۔

مزید پڑھیں:  اقوام عالم کا مقابلہ کرنے کیلئے تعلیمی میدان میں جدت لانا ہوگی، مینا خان