الیکشن کی تاریخ

صدر کا الیکشن کی تاریخ کا اعلان: الیکشن کمیشن کا مشاورتی اجلاس بے نتیجہ رہا

صدرمملکت کی دی گئی الیکشن کی تاریخ پر الیکشن کمیشن کے پی اور پنجاب میں انتخابات کرائےگا یا نہیں؟ کمیشن کا واضح موقف سامنے نہ آسکا، آج کا مشاورتی اجلاس بے نتیجہ رہا۔
ویبڈیسک: چیف الیکشن کمشنرکی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلیوں کے انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی گئی، اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور لاء ونگ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ الیکشن کمیشن آئین وقانون کے مطابق بغیر کسی دباؤ فیصلے کرتا رہے گا، الیکشن کمیشن ہر وقت آئین وقانون کے تحت 90 دن میں الیکشن کروانےکے لیے تیار رہتا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آئین وقانون میں کہیں بھی نہیں لکھا کہ الیکشن کی تاریخ الیکشن کمیشن دے گا، مجاز اتھارٹی کے تاریخ مقرر کرنے کے بعد کمیشن شیڈول دے کر الیکشن کروانے کا پابند ہے۔
اعلامیے کے مطابق صدر کی طرف سے تاریخ مقررکرنے کے بعد آج کمیشن کے اجلاس میں اس پر غور کیا گیا، اٹارنی جنرل پاکستان اور دیگر قانونی ماہرین سے مزید رہنمائی لینےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اٹارنی جنرل پاکستان کو کل قانونی رہنمائی کے لیے دعوت دی گئی ہے، مشاورت کے لیے 2 آئینی وقانونی ماہرین کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز صدر عارف علوی نے الیکشن کمیشن سے مشورے کے بغیر پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا تھا اور 9 اپریل الیکشن کی تاریخ دی تھی۔
صدر کا موقف ہے کہ آئین الیکشن 90 دن سے زیادہ آگے لے جانے کی اجازت نہیں دیتا، گورنر اور الیکشن کمیشن بال ایک دوسرے کی کورٹ میں ڈال رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  اداکارہ مدیحہ رضوی نے دوسری شادی کرلی