لاہور مال روڈ پر عورت مارچ

سیکیورٹی خدشات: لاہور مال روڈ پر عورت مارچ کی درخواست مسترد

سکیورٹی خدشات کے باعث مال روڈ لاہور پر عورت مارچ کی درخواست مسترد کر دی گئی، آرگنائزنگ کمیٹی نے8 مارچ کو ناصرباغ لاہور کے قریب مارچ کا فیصلہ کیا ہے۔
ویب ڈیسک: سول سوسائٹی، خواتین کی نمائندہ مختلف این جی اوز اور ٹرانس جینڈرکمیونٹی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر لاہور میں عورت مارچ کے انعقاد کی اجازت کے لئے درخواست دی تھی جسے ڈپٹی کمشنر لاہور نے مسترد کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے سکیورٹی خدشات، مارچ کے دوران متنازعہ پلے کارڈز اور نعروں اور اسی روز جماعت اسلامی کی خواتین کی طرف سے مال روڈ پر حیاء مارچ کے شرکاء کے ساتھ تصادم کے خدشات کی وجہ سے عورت مارچ انتظامیہ کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
ڈی سی لاہورر نے کہا کہ سکیورٹی اداروں کی رپورٹس کے مطابق عورت مارچ کے حوالے سے کافی تھریٹ الرٹس ہیں اس لئے درخواست مسترد کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی ایک مذہبی جماعت کی کارکنان نے عورت مارچ کے انعقاد کے موقع پراحتجاج کیا تھا تاہم سکیورٹی کے سخت انتظامات کی وجہ سے کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہیں آیا تھا۔
دوسری طرف عورت مارچ کی آرگنائزنگ کمیٹی نے 8 مارچ کو ناصر باغ لاہور کے قریب مارچ کا فیصلہ کیا ہے، منتظمین کا کہنا ہے عورت مارچ ان کا آئینی حق ہے اور وہ اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، اس حوالے سے منتظمین 6 مارچ کو اہم پریس کانفرنس میں اپنے لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے۔
عورت مارچ کی آرگنائزنگ کمیٹی کا کہنا ہے کہ عورت مارچ کا انعقاد ان کا آئینی حق ہے اور اس کے لئے کسی این او سی کی ضرورت نہیں ہے، 8 مارچ کو مارچ کریں گے اور کسی کو ان کا آئینی حق چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے۔
منتظمین کے مطابق وہ ڈی سی لاہور کے اس اقدام کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

مزید پڑھیں:  غزہ میں جنگ بندی فوری اور انتہائی ضروری ہے، ملالا یوسف زئی