عمران خان صادق و امین

عمران خان کو مکمل صادق و امین قرار نہیں دیا تھا، جسٹس (ر) ثاقب نثار

سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے کہا ہےکہ عمران خان کو مکمل اور تمام معاملات پر صادق و امین قرار نہیں دیا تھا۔
ویب ڈیسک: نجی ٹی وی کے سینئر صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے جسٹس (ر) ثاقب نثار نے کہا کہآج کل عدالتی فیصلوں پر وہ بات کر رہے ہیں جنہیں قانون کی زبر زیر معلوم نہیں، جو شخص آج عدالتوں پر حملہ آور ہے وہ کبھی عدالتوں کا پسندیدہ رہا ہے، صرف ایک مقدمے کے علاوہ اسے ہمیشہ عدالتوں سے ریلیف ہی ملتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب چیف جسٹس نہیں بنا تھا تو نواز شریف نے مختلف حلقوں میں کہنا شروع کیا کہ یہ اپنا چیف ہے، میں نے پاناما کیس میں خود کو بنچ سے الگ کر لیا تھا اور نااہلی کیس میں معیاد سے متعلق اوپن نوٹس کر دیا تھا کہ جو بھی معاونت کرنا چاہے کرے، نااہلی کی معیاد کا تقرر آئین قانون کی روشنی میں کیا۔
سابق چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ 2 روز سے میرا واٹس ایپ ہیک ہوگیا ہے، ابھی تک ریکور نہیں ہوا، خدشہ ہے کہ میرے موبائل ڈیٹا کو کسی خاص مقصد کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے تاہم میرا واٹس اپ ہیک کرنے والوں کو شرمندگی ہی ہوگی، اس سے قبل بھی میری مختلف ویڈیوز کو جوڑ کر ایک آڈیو بنائی گئی تھی، کسی کی نجی زندگی میں مداخلت چوری کے زمرے میں آتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو مکمل طور پر صادق اور امین قرار نہیں دیا تھا، اسے سیاسی رنگ دیا گیا، عمران خان کو 3 نکات پر صادق اور امین قرار دیا تھا، اکرم شیخ نے عمران خان سے متعلق 3 نکات لکھ کر دیئے کہ ان پر فیصلہ کیا جائے، تینوں نکات پر عمران خان صادق اور امین ثابت ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں:  لکی مروت، امن و امان کے حوالے سے گرینڈ جرگہ کا انعقاد، تمام تجارتی مراکز بند