پاکستان سپر لیگ، دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو ہرا دیا

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کی 4 وکٹوں سے کامیابی نے شاہین آفریدی الیون کو فائنل میں پہنچا دیا۔ ٹاس جیت کر پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کی تاہم بابر اعظم الیون کوئی متاثرکن اور بڑا ہدف سیٹ کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ پشاور زلمی نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔ محمد حارث نے 85 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان بابر اعظم 42 جبکہ بھانوکا راجاپکسا 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ زمان خان اور ڈیوڈ ویسا نے 2،2 جبکہ شاہین آفریدی نے 1 وکٹ حاصل کی۔ جواب میں لاہور قلندرز نے مطلوبہ ہدف آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے میچ جیت لیا۔ طاہر بیگ نے 54 رنز بنائے۔ سیم بلنگز 28 اور سکندر رضا 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پشاور زلمی کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی نے 2 جبکہ وہاب ریاض، سلمان ارشاد اور عامر جمال نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان پاکستان سپر لیگ 8 کا فائنل کل ہفتے کے روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  یوسین بولٹ رواں سال ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کے سفیر مقرر