عمران خان کی حفاظتی ضمانت

عمران خان کی اسلام آباد میں درج 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور

لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں درج دونوں مقدمات میں حفاظتی ضمانت 27 مارچ تک منظور کر لی۔
ویب ڈیسک: جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس فاروق حیدر نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت پر درخواست کی سماعت کی۔
عدالت نے عمران خان کی پیر (27 مارچ) تک انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظورکرلی۔
عمران خان کے اسکین دستخط کے معاملے پر وکیل نے بتایا کہ درخواست پر دستخط عمران خان کے ہیں۔
عدالت نے ہدایت کی کہ درخواست پر عمران خان کے دستخط ابھی کروالیں جس پر عمران خان نے عدالت میں درخواست پر دستخط کیے۔
خیال رہے کہ عمران خان کی جانب سے اسلام آباد کے 2 مقدمات( تھانہ گولڑہ اور سی ٹی ڈی میں درج مقدمہ) میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی گئی تھی،
عدالت نے انہیں آج سوا 2 بجے پیش ہونے کا حکم دیا تھا، عدالت نے قرار دیا تھا کہ حفاظتی ضمانت چاہیے تو عدالت میں مقررہ وقت پر موجود ہوں۔
عدالت نے عمران خان کے دستخط اسکین شدہ ہونے کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے ان کے وکیل کو تصدیق کی ہدایت کی تھی۔
آج عمران خان زمان پارک سے اسپیشل اسکواڈ کے ساتھ روانہ ہوئے، اس موقع پر ان کے ساتھ زیادہ کارکن نہیں تھے جب کہ پولیس کی نارمل سکیورٹی انہیں حاصل تھی اور وہ سگنل پر رکتے ہوئے ہائی کورٹ پہنچے۔

مزید پڑھیں:  اداکارہ مدیحہ رضوی نے دوسری شادی کرلی