شاہین مسلم ٹائون

شاہین مسلم ٹائون میں دوستی نہ کرنے پرشادی شدہ خاتون قتل

ویب ڈیسک: پشاور کے علاقہ شاہین مسلم ٹائون میں دوستانہ تعلقات نہ رکھنے پر ملزم نے شادی شدہ خاتون کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا ۔ چمکنی سبزی منڈی میں فریقین میں گولیاں چل گئیں جس سے چار افراد زخمی ہوگئے۔ دلہ زاک روڈ پر بھی افطاری سے قبل بھرے بازار میں فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ شاہین مسلم ٹائون کے رہائشی مسمی ( ج) نے رپورٹ درج کراتے ہوئے گلبہار پولیس کو بتایا کہ وہ مزدوری کیلئے گیا ہوا تھا اور اس کی بیوی گھر پر اکیلی تھی۔
اس دوران ملزم ہجرت ولد گلاب سکنہ افغانستان حال شبقدر نے آ کر اس کی اہلیہ کو ہراساں کرنے اور اسے زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی اور مزاحمت پر ملزم ہجرت نے فائرنگ کرکے اس کی بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مدعی نے بتایا کہ ملزم نے اس سے پہلے بھی اس کی بیوی کو دوستانہ تعلقات پر مجبور کیا تھا تاہم اس کی بیوی نے انکار کر دیا تھا۔ ادھر چمکنی میں سبزی منڈی میں فائرنگ کے نتیجہ میں صاحب خان ، احسان اللہ، راہ گیر عابد اور غفور شدید زخمی ہوگئے ۔
پولیس نے مجروح صاحب خان کی رپورٹ پر خیبر ، زیارت خان اور سرتاج کے خلاف مقدمات درج کر لئے ہیں۔ بتایا جارہاہے کہ مجروح صاحب خان کے ماموں کی ملزموں سے لڑائی ہوئی تھی ۔ اسی طرح دلہ زاک روڈ پر بھرے ہجوم میں فریقین کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس سے وہاں پر بھگدڑ مچ گئی تھی اور لوگ جانیں بچانے کیلئے بھاگنے لگے جس کی سی سی ٹی وی کیمر ے کی فوٹیج بھی وائرل ہوگئی۔

مزید پڑھیں:  حماس نے جنگ بندی کی واحد شرط آزاد فلسطینی ریاست رکھ دی