17مئی تک عمران خان کوکسی مقدمہ میں گرفتارنہ کریں،ہائیکورٹ

ویب ڈیسک:اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو نو مئی کے بعد درج ہونے والے کسی بھی مقدمے میں 17مئی تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔9مئی کو القادرٹرسٹ کیس میں حراست میں لیے جانے کے بعد عمران خان پر لاہور میں کورکمانڈر کی رہائش گاہ پر حملے کی منصوبہ بندی سمیت کم از کم تین نئے مقدمے درج کیے گئے تھے۔ ان مقدمات میں حفاظتی ضمانت کے لیے ان کے وکلا نے جمعے کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ایک رکنی بینچ نے سماعت کے بعد فیصلہ دیا کہ عمران خان کو ان کی حراست کے بعد درج کیے گئے کسی بھی مقدمے میں 17 مئی تک گرفتار نہ کیا جائے۔
ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو فول پروف سکیورٹی مہیا کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ریاست سکیورٹی یقینی بنائے ۔علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے جمعہ کے روز عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں بھی دو ہفتے کے لیے عبوری ضمانت دے دی ہے۔ عدالت کے دو رکنی بینچ نے کہا ہے کہ آئندہ سماعت پر دلائل سن کر ضمانت کی منظوری یا خارج کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  نجی یونیورسٹیوں سمیت تمام اداروں کیلئے لفظ نیشنل کے استعمال پر پابندی