پشاورمیں کئی پرائمری سکولوں کی بجلی منقطع کردی گئی

ویب ڈیسک:پشاورمیں مختلف زنانہ اور مردانہ پرائمری سکولز کی بجلی کو منقطع کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے طلبہ کو مشکلات کاسامنا ہے اور گرمی کی وجہ سے کمروں اور برآمدوں میں بیٹھنا مشکل ہوگیا ہے محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق پشاور سٹی کی پیسکو انتظامیہ نے بغیر کسی نوٹس کے پرائمری سکولز کی بجلی منقطع کرکے کم سن بچوں کو موسمی شدت کے رحم وکرم پر چھوڑ دیاہے
ذرائع نے بتایا کہ سرکاری سکولز میں داخلہ مہم شروع کی گئی ہے اور سال رواں کے دوران اس سلسلے میں لاکھوں بچوں کو سکول لانے کا ٹارگٹ رکھا گیاتھا لیکن دوسری جانب پیسکو کی وجہ سے شہری اپنے بچوں کو سرکاری سکولزسے دوبارہ اٹھا نے پر مجبور ہوگئے ہیں اس سلسلے میں سکولز انتظامیہ نے بتایا کہ گرمی کی وجہ سے حاضری کا تناسب بھی کم ہوگیاہے اور بچوں کے بیہوش ہونے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے والدین کی جانب سے ان پر شدید دبائو ہے
محکمہ تعلیم کے حکام نے بتایا کہ پیسکو کی جانب سے پیشگی نوٹس کے بغیر بجلی کاٹی گئی ہے جس کیخلاف صوبائی حکومت کو ایکشن لینے کی درخواست کی جائے گی دوسری جانب پیسکو کے ذرائع نے بتایا کہ سکولز کے ذمے لاکھوں روپے کے واجبات جمع ہوئے ہیں اور کئی مرتبہ کے نوٹس جاری کرنے کے بعد بھی بل ادا نہیں کئے جارہے ہیں جس پر ان سکولز کی بجلی کو منقطع کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  ضمنی انتخابات میں کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری