لڑکی غیرت کے نام پر قتل

پشاور، ضمانت پر رہا جوانسال لڑکی غیرت کے نام پر قتل

ویب ڈیسک: تھانہ انقلاب کے علاقہ میں عدالت سے ضمانت پر رہائی پانے والی جواں سالہ لڑکی غیرت کے نام پر قتل کر دی گئی۔ پولیس نے مقتولہ کو دفنانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اس کی ضمانت کرنے والے تین ملزموں کو گرفتار کر لیا ۔ اے ایس آئی فضل دیان کی جانب سے درج ہونے والی ایف آئی آر کے مطابق گزشتہ روز انہیں اطلاع ملی کہ کوچیانو قلعہ میں 15سالہ مسماة ( ر) دختر محمد گل کو غیرت کے نام پر گھر کے اندر قتل کیا گیا ہے اور اس کے ورثاء خاموشی سے اس کی تدفین کی تیاری کر رہے ہیں۔
اطلاع پر وہ نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے تو معلوم ہوا کہ مقتولہ کو نعمان ولد جمعہ گل نے قتل کیا اور جائے وقوعہ سے شواہد ختم کر دئیے ۔ پولیس کے مطابق ملزم نعمان نے مقتولہ کے والد محمد گل، اپنے والد جمعہ گل ولد علی گل، جلات اور احسان اللہ کے ایما پر غیرت کے نام پر قتل کیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم جرم چھپانے کی خاطر لڑکی کی لاش خفیہ طور پر تدفین کے لئے لے جا رہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کو تین ماہ قبل اغوا کیا گیا تھا۔ بعد ازاں اغوا کرنے والے ملزم اور لڑکی کو کوہاٹ میں گرفتا ر کیا گیا جس کے بعد ملزم کو جیل بھیج دیا گیا اور لڑکی کو ضمانت پر اپنے والد اور چچا کے حوالے کیا گیا۔ پولیس نے لڑکی کے قتل کے بعد کارروائی کرتے ہوئے اس کے والد محمد گل، چچا جمعہ گل اور رشتہ دار احسان اللہ کو گرفتار کرکے مقدمات درج کر لئے ۔ مرکزی ملزم نعمان واردات کے بعد فرار ہو گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  مانسہرہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 3افراد جاں بحق