ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات

وزیراعظم کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔
ویب ڈیسک: فرانس کے دورہ پر پیرس میں موجود وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے کے درمیان جاری پروگراموں اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے 27 مئی کی ملاقات کا بھی تذکرہ کیا، انہوں نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو حکومت کے معاشی ترقی اور استحکام کے لئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ طے شدہ ذمہ داریوں کو پورا کرنے کیلئے پر عزم ہے، امید ہے عالمی مالیاتی ادارے کے مختص فنڈز جلد از جلد جاری کئے جائیں گے، عالمی مالیاتی ادارے کی قسط سے پاکستان میں معاشی استحکام اور عوام کو ریلیف ملے گا۔
ملاقات میں کرسٹالینا جارجیوا نے وزیر اعظم شہباز شریف کو عالمی مالیاتی ادارے کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزراء شیری رحمان، ایاز صادق، عائشہ غوث پاشا، مریم اورنگزیب اور طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں:  لنڈی کوتل کے عوام نے انسدادِ پولیو مہم کا بائیکاٹ کر دیا