عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو قرض معاہدے کی منظوری کیلئے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس طلب کر لیا۔
ویب ڈیسک: پاکستان کے قرض معاہدے کی منظوری کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 12 جولائی کو ہوگا۔
آئی ایم ایف حکام کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو قرض کی پہلی قسط جاری کی جائےگی۔
آئی ایم ایف حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کو دی جانے والی پہلی قسط کا حجم ایک اعشاریہ ایک (1.1) ارب ڈالر ہو گا۔
خیال رہے کہ 30 جون کو پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ طے پایا ہے، یہ 3 ارب ڈالر کا سٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدہ ہے۔
آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق معاہدہ پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ کم کرے گا اور معاہدے سے سماجی شعبے کے لیے فنڈز کی فراہمی بہتر ہوگی جب کہ معاہدے کے تحت پاکستان ٹیکسز کی آمدن بڑھائےگا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ ٹیکس کی آمدن بڑھنے سے عوام کی ترقی کے لیے فنڈنگ بڑھ سکےگی، معاہدہ پاکستان میں مالی نظم و ضبط کا باعث بنےگا اور معاہدے سے توانائی کی اصلاحات یقینی بنائی جائیں گی جب کہ ایکسچینج ریٹ کو مارکیٹ کے حساب سے مقرر کیا جائےگا۔
Load/Hide Comments