خیبرپختونخوا میں نواز شریف

وزیراعظم کا خیبرپختونخوا میں نواز شریف کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع تورغر کا دورہ کیا ہے جہاں انہیں مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی،وزیراعظم کا خیبرپختونخوا میں نوازشریف کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کا اعلان۔
ویب ڈیسک: تورغر میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تورغر کے مشران نے پاکستان کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں اور قیام پاکستان میں قبائلی عمائدین کا خون شامل ہے، عمائدین اور مشران کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کوششیں کی جاتیں تو پاکستان سمیت کے پی صوبہ بھی بہت تیزی سے ترقی کرتا لیکن گزرے وقت پر ماتم کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، ہمیں سبق حاصل کرناہوگا۔
شہباز شریف کا کہنا تھاکہ افسوس ہے یہ وہ پاکستان نہیں جس کے لیے ہمارےبزرگوں نے قربانیاں دیں، بدقسمتی سے اس ملک میں اقرباپروری اور رشوت پروان چڑھی لیکن میرا ایمان ہے پاکستان ضرور بڑی تیزی سے آگے بڑھے گا، ملک کی تقدیر بدلنے کے لیے ہمیں اجتماعی طور پر مصمم ارادہ کرنا ہوگا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے تورغر میں دانش اسکول بنانے کا اعلان کرتے ہوئے نوازشریف کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کا اعلان کیا، تعلیم اور صحت کی سہولتیں عوام کا بنیادی حق ہے۔
آئی ایم ایف سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر اور باہر بیٹھے لوگ ملک کے ڈیفالٹ ہونےکی دعائیں کررہے تھے، بڑی مشکل سے ہم نے آئی ایم ایف کا پروگرام کیا کیونکہ ہمیں پاکستان کو ڈیفالٹ سےبچانا تھا، اب 12جولائی کو آئی ایم ایف بورڈ کی میٹنگ ہے، انشااللہ آئی ایم ایف کا معاہدہ ہوگا۔
سویڈن واقعے پر بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی پر پوری دنیا سراپا احتجاج ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور:اساتذہ کی بورڈ امتحانات میں بار بارڈیوٹی لگانے پر پابندی عائد