شانگلہ پہاڑی تودہ

شانگلہ، پہاڑی تودہ گرنے سے 8 بچے جاں بحق

ویب ڈیسک : شانگلہ کے علاقے مارتونگ میں پہاڑی تودہ گرنے سے 8 بچے مٹی تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔ ڈپٹی کمشنر شانگلہ حسن عابد نے کہا ہے کہ مارتونگ کے علاقے کز کلے میں ایک کرکٹ گرائونڈ پر 10 بچے کھیل رہے تھے کہ اس دوران اچانک لینڈ سلائیڈنگ ہوگئی اور بچے ایک بڑے تودے تلے دب گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق امدادی کارروائی کے پہلے مرحلہ میں ملبے تلے دبنے والے 5 بچوں کے جسد خاکی نکال لیے گئے جبکہ ایک بچی کو شدید زخمی حالت میں ملبہ سے نکالا گیا جسے بعدازاں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ امدادی کارروئیوں کے دوسرے مرحلہ میں ملبے تلے دبے مزید 3 بچوں کو مردہ حالت میں باہر نکالا گیا۔
اس طرح واقعہ میں مرنے والوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔ ملبے تلے دبے ایک بچے کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔ تاہم رات گئے آخری خبریں ملنے تک بچے کو نہیں نکالا جاسکا۔ رات ہونے اور اندھیرا ہونے سے امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ پیش آرہی ہے تاہم امدادی کارکن اپنے کام میں مصروف تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں بھاری مشینری کے ذریعے ایک بچے کی تلاش جاری ہے۔ دریں اثناء زخمی بچی اور لاشوں کو رورل ہیلتھ سینٹر مارتونگ منتقل کردیا گیا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق ملبے تلے دبے بچوں کی تعداد 10 ہے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں میں شایان اور رضا پسران محفوظ اللہ، زعفران اور سجاول پسران تاج کریم، ایان، حارث، عظمت اللہ اور رحمت اللہ شامل ہیں۔ حادثہ کے بعد پورے گاں میں کہرام مچ گیا اور لوگ دیوانہ وار گرائونڈ کی طرف بھاگتے دیکھے گئے۔ ابتدائی طور پر بچوں کی تعداد کا علم نہ ھونے پر مساجد میں اعلانات کئے گئے کہ اپنے اپنے گھروں میں بچوں کا پتہ کریں کہ کون کون گھر پر نہیں ہے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کو بعدازاں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ایک ہی گائوں میں اتنی بڑی تعداد میں بچوں کی ہلاکت پر فضا سوگوار ہے۔

مزید پڑھیں:  آرمی چیف سے ترک بری افوج کے کمانڈر کی ملاقات