ورلڈکپ 2023 لائن اپ

آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کیلئے ٹیموں کی لائن اپ مکمل

ہرارے (ویب ڈیسک) بھارت میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں شریک ٹیموں کی لائن اپ مکمل ہو گئی ہے۔ سری لنکا اور نیدرلینڈز نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں کامیابی حاصل کر کے اپنے لئے راہیں ہموار کر لیں۔ ذرائع کے مطابق بھارت میں شیڈول آئی سی سی ورلڈکپ کیلئے میزبان بھارت کے علاوہ پاکستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، افغانستان، بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا جبکہ پاکستان ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغاز 6 اکتوبر کو حیدرآباد میں نیدرلینڈ کے خلاف میچ سے کرے گا۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے شیڈول کے مطابق 12 اکتوبر کو پاکستان کا سامنا سری لنکا سے ہوگا جبکہ ایونٹ کا ہائی وولٹیج میچ جس میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت ٹکرائیں گے 15 اکتوبر کو احمدآباد کے نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔
گرین شرٹس کا اگلا میچ آسٹریلیا کیخلاف ہوگا جو 20 اکتوبر کو بنگلورمیں رکھا گیا ہے، 23 اکتوبر کو پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں چنائی کے میدانوں پر ایک دوسرے کیخلاف نبرد آزما ہونگی۔ قومی ٹیم 27 اکتوبر کو پروٹیز جبکہ 31 اکتوبر کو بنگال ٹائیگرز کے مدمقابل آئے گی۔ 5 نومبر کو نیوزی لینڈ جبکہ 12 نومبر کو انگلینڈ کے خلاف قومی ٹیم کے ٹف میچز رکھے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  فاسٹ بولر محمد عامر کو آئرلینڈ کا ویزا جاری