بلدیاتی انتخاب 27 اگست

بلدیاتی خالی نشستوں پر 27 اگست کو ضمنی انتخاب ہوگا

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں ویلج و نیبرہڈ کونسلوں میں مختلف کیٹگریز کی خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات 27 اگست کو ہونگے۔ الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے شیڈول جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ان انتخابات کیلئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ افسران کی تقرری بھی عمل میں لائی گئی ہے۔ شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسران 14 جولائی کو پبلک نوٹس جاری کریں گے۔
امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 17 جولائی سے 19 جولائی تک جمع کراسکتے ہیں۔ 20 جولائی کو کاغذات نامزدگی جمع کرانیوالے امیدواروں کی فہرست جاری کی جائیگی۔ کاغذات نامزدگیوں کی جانچ پڑتال 21 جولائی سے 24 جولائی تک کی جائیگی۔ کاغذات کی منظوری اور مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 25 جولائی سے 26 جولائی تک داخل کی جاسکیں گی۔ ان اپیلوں پر فیصلہ یکم اگست تک کیا جائیگا۔ امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 2 اگست کو جاری کی جائیگی۔ امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 3 اگست تک واپس لے سکیں گے۔
4 اگست کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر کے ان کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق کے مطابق ان اضلاع میں سرکاری ملازمین کی ترقیوں اور تبادلوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ وزیراعظم، سپیکر، ڈپٹی سپیکر قومی و صوبائی اسمبلی، وفاقی اور صوبائی وزراء سمیت عوامی نمائندوں کے ان کونسلوں میں انتخابات تک جانے اور وہاں ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات پر پابندی ہوگی۔

مزید پڑھیں:  رہنما پی ٹی آئی حماد اظہر نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی شرائط بتا دیں