اربن فلڈنگ کا خدشہ

شدید بارشوں کی پیش گوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے موسلادھار طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے پشاور، کو ہاٹ، بنوں، کرک اور ڈی آئی خان کے نشیبی علاقے زیرآب آنے اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ نگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ صوبہ کے میدانی علاقوں بشمول پشاور میں موسلا دھار بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے اور درجہ حرارت سات سے 8 سینٹی گریڈ تک کم ہو گیا ہے۔ جمعہ کے روز صبح شروع ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث پشاور شہر میں بیشتر نشیبی علاقے بھی زیرآب آ گئے جبکہ بعض دیہی علاقوں میں آندھی چلنے اور کہیں کہیں ژالہ باری کی وجہ سے تیار فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی صوبہ کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے اور کہیں کہیں پر مطلع ابرآلود رہے گا۔ بارش سے عارضی طور پر موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ موسلادھار بارش اور تیز ہوائوں کے باعث بعض مقامات پر درختوں کے گرنے اور املاک کو نقصان پہنچنے کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں جس کے حوالے سے پی ڈی ایم نے سروے شروع کر دیا ہے۔ گزشتہ روز پشاور کے علاوہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مالا کنڈ، بالا کوٹ، چارسدہ، مردان، کوہاٹ، کرم، بنوں، وزیرستان اور ڈی آئی خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کی وجہ سے حالیہ گرمی کی لہر سے سب سے زیادہ متاثرہ پشاور، بنوں اور ڈی آئی خان میں درجہ حرارت 33 سینٹی گریڈ تک نیچے گر گیا ہے۔ یہ درجہ حرارت 40 سے 43 سینٹی گریڈ اور اس کی شدت 51 سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کی جارہی تھی۔ سب سے زیادہ بارش بالاکوٹ میں 123 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ چراٹ میں 73 ملی میٹر، اپر دیر اور لوئر دیر میں37 ملی میٹر، مردان میں 28 ملی میٹر، کاکول اور مالم جبہ میں 27 ملی میٹر، سیدو میں 25 ملی میٹر، کالام اور پٹن کوہستان میں 15 ملی میٹر، باچا خان ائرپورٹ پر 13 ملی میٹر، پاڑہ چنار میں 10 ملی میٹر جبکہ پشاور سٹی اوردروش میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
آج ہفتہ کے روز بھی چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مالاکنڈ، بالاکوٹ، چارسدہ، مردان، پشاور، کوہاٹ، کرم، بنوں، وزیرستان اورڈی آئی خان میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور اس دوران چترال، دیر، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، مردان اور کوہاٹ میں موسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

مزید پڑھیں:  بانی پی ٹی آئی کو انصاف نہ ملا تو سڑکوں پر آنا ہوگا، صاحبزادہ حامد رضا