شندور پولو فیسٹیول کا آغاز

شندور پولو فیسٹیول کا رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ آغاز

ویب ڈیسک: صوبہ خیبرپختونخوا میں تین روزہ شندور پولو فیسٹیول کا رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ آغاز ہوگیا۔ 12,500 فٹ بلندی پر دنیا کے بلند ترین پولو گراونڈ میں کھیلا جانے والا اپنی نوعیت کا منفرد ایک فیسٹیول ہے۔ افتتاحی تقریب میں چترال اور گلگت بلتستان کی پولو کی ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا۔ جبکہ مختلف سکولوں کے بچوں نے قومی ترانہ پڑھا اور بینڈز نے مختلف دھنوں پر مشتمل قومی نغمے پیش کئے۔ اس موقع پر مقامی فنکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے وزیرستانی، کالاش، چترال اور خٹک ڈانس پیش کیا۔ حکومت خیبرپختونخوا اور فرنٹیئر کور نارتھ کے باہمی اشتراک سے منعقدہ افتتاحی تقریب میں پیرا گلائیڈرز نے وہاں موجود شائقین سے خصوصی داد وصول کی۔
کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان نے بال پھینک کر فیسٹیول کے افتتاحی میچ کی شروعات کیں، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی محمد بختیار خان، بریگیڈیئر عمران خان، ضلعی انتظامیہ کے عہدیداران اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ شندور پولو فیسٹول کے پہلے دن مختلف ٹیموں کے درمیان تین میچز کھیلے گئے۔ شندور پولو فیسٹول کو دیکھنے کے لئے بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے علاقے کا رخ کیا ہے۔ اس کیساتھ ساتھ اعلیٰ سول اور ملٹری حکام سمیت، انتظامیہ کے عہدیداران، بڑی تعداد میں علاقے کی عوام اور دیگر مہمان شرکت کر رہے ہیں۔ تین روزہ فیسٹول میں پولو کے میچز کیساتھ ساتھ شرکاء کیلئے رات کے وقت خصوصی طور پر آتش بازی اور کیمپ فائر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  ایبٹ اباد، ضلع انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھل گیا، بارش کا پانی گھروں میں داخل