حیات آباد، ایف سی کی گاڑی پرخودکش حملہ،7اہلکاروں سمیت10زخمی

ویب ڈیسک: پشاور کے پوش علاقے حیات آباد میں خودکش بم حملہ میں 7 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔کار سوار خودکش بمبار نے بارود سے بھری اپنی گاڑی فرنٹیئر کور کی گاڑی سے ٹکرا دی ۔ پولیس کے مطابق فیز 6 میں شلمان پارک کے قریب فرنٹیئر کور کے اہلکار سرکاری گاڑی میں جارہے تھے کہ عقب سے آنے والی گاڑی نے فوجی گاڑی کو ٹکر مار دی جس سے زور دار دھماکہ ہو گیا۔ دھماکہ کے نتیجہ میں 7 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا ہے۔ دھماکہ کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز پشاور کے مطابق خودکش حملے کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے سے متعلق مختلف پہلوؤں پر جامع تفتیش جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ زوردار دھماکہ سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ایف سی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے، دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی سے خودکش حملہ آور کے جسم کی باقیات ملی ہیں جن کو تجزیہ کے لیئے خیبر میڈیکل کالج منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے پورے علاقہ کی ناکہ بندی کردی ہے۔

مزید پڑھیں:  اداکار زوہاب خان نے ٹک ٹاکر وانیہ ندیم سے نکاح کرلیا