پاکستان ایمرجنگ ایشیاء کپ

پاکستان نے بھارت کو ہرا کر ایمرجنگ ایشیاء کپ جیت لیا

ویب ڈیسک: پاکستان شاہین اے کرکٹ ٹیم نے اے سی سی مینز ایمرجنگ ایشیاء کپ 2023ء کے فائنل میں روایتی بھارت کو 128 رنز سے شکست دیکر دوسری مرتبہ ٹائٹل جیت لیا، پاکستان کے 353 رنز کے تعاقب میں بھارت کی ٹیم 40 اوورز میں 224 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی طرف سے سفیان مقیم نے 3، مہران ممتاز، ارشد اقبال اور محمد وسیم نے 2، 2 اور مبشر خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارتی بلے باز پاکستانی باؤلرز کے سامنے بے بس نظر آئے اور ایک کے بعد دوسرا کھلاڑی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹتا رہا۔ ابھیشیک شرما 61، یش دھول 39 اور سائی سدھرسن 29 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کولمبو کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی اے ٹیم کے کپتان یاش دھول نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے شاندار 121 کا اوپننگ آغاز فراہم کیا تاہم صائم ایوب 59 رنز بنا کر آؤٹ جبکہ صاحبزادہ فرحان 65 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں عمر بن یوسف 35، کپتان محمد حارث 2 جبکہ قاسم اکرم بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے، مڈل آرڈر میں طیب طاہر نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 71 گیندوں پر 12 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 108 رنز اننگز کھیلی جبکہ مبصر خان انکا ساتھ دیتے ہوئے 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 125 رنز کی پارٹنرشپ بھی قائم ہوئی۔ بھارت کی جانب سے ویان پراگ اور ہینگریکر نے 2، 2 جبکہ مانو ستر، ہرشت رانا اور نشانت سندھو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں پاکستان نے سری لنکا کو پہلے سیمی فائنل میں 60 رنز سے شکست دی تھی جبکہ بھارت نے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 51 رنز سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔ واضح رہے کہ 2019ء کا ایمرجنگ ایشیاء کپ بھی پاکستان نے سعود شکیل کی قیادت میں جیتا تھا۔

مزید پڑھیں:  بیک ڈور کسی سے مذاکرات نہیں ہورہے، بیرسٹر گوہر