بیرونی قرضوں کے عمل کو ترک

وقت آگیا ہے کہ آئندہ بیرونی قرضوں کے عمل کو ترک کر دیں، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خود انحصاری کی پالیسی کو اپنا کر معیشت کی بحالی کے لیے ٹھوس اصلاحات لانا ہوں گی، وقت آگیا ہے کہ ہم آئندہ بیرونی قرضوں کے عمل کو ترک کر دیں۔
ویب ڈیسک: ان خیالات کا اظہار وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے بین الاقوامی پارٹنر سپورٹ گروپ کے تیسرے اجلاس کے دوران کیا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، سردار ایاز صادق، شیری رحمن، وزیرِ مملکت حنا ربانی کھر، معاونین خصوصی طارق فاطمی، طارق باجوہ، یو این ڈی پی عالمی بینک، یورپی یونین، اے ڈی بی، آئی ایم ایف، یو ایس ایڈ، امریکا، سعودی عرب، ترکیہ، چین، عرب امارات سمیت دیگر ممالک کے سفراء اور نمائندگان کے علاوہ متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں پاکستان میں سیلاب کی بحالی پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تعاون بڑھانے میں آئی پی ایس جی کے اہم کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نے موسمیاتی لچکدار منصوبوں میں آئی پی ایس جی کے کلیدی کردار کی بھی تعریف کی۔
اجلاس کو کلائیمیٹ ریزیلئینٹ پاکستان کانفرنس کے دوران مختلف منصوبوں کیلیے کیے گئے وعدوں میں سے 30 جون 2023 تک 657.5 ملین ڈالر موصول ہونے کا تخمینہ تھا جبکہ ان منصوبوں کیلیے ڈونرز اور دوست ممالک سے 715 ملین ڈالر کی رقم موصول ہوئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال میں 913.5 ملین ڈالر ڈونر سپورٹ کے تحت سیلاب متاثرہ علاقوں میں تعمیراتی و بحالی کے منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے، سیلاب سے بچاؤ اور متاثرین کی بحالی کیلیے 19 منصوبے بنائے گئے ہیں جن میں 8 سندھ، 7 بلوچستان، 3 خیبرپختونخوا جبکہ ایک پورے پاکستان کیلیے ہے۔
وزیرِاعظم نے وزارت خارجہ، خزانہ، موسمیاتی تبدیلی، اقتصادی امور، صوبائی حکومتوں اور تمام متعلقہ اداروں کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے کاموں پر ان کی کارکردگی کو سراہا۔
اس موقع پر یو این ڈی پی کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر سیمیول رزک نے کہا کہ پاکستان میں آئے تباہ کن سیلاب کو ایک سال پورا ہونے کو ہے اور ازسر نو بحالی کے کاموں پر پیش رفت کے جائزے کیلیے تمام شراکت داروں کی موجودگی خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی تمام شراکت داروں کے تعاون سے ہی ممکن ہے اور یو این ڈی پی بین الاقوامی پارٹنر سپورٹ گروپ کے سیکریٹریٹ کے طور پر اس حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خود انحصاری کی پالیسی کو اپنا کر معیشت کی بحالی کے لیے ٹھوس اصلاحات لانا ہوں گی، وقت آگیا ہے کہ ہم آئندہ بیرونی قرضوں کے عمل کو ترک کر دیں۔

مزید پڑھیں:  تحفظ آئین تحریک نے کسانوں کا ساتھ دینے کا اعلان کردیا