یوم عاشور

یوم عاشور: ہر طرف یا حسین یا حسین کی صدائیں، شہدائے کربلا کو سلام پیش

نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے رفقا کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کے لئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور آج 10 محرم الحرام کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔
ویب ڈیسک: ملک کے دیگر شہروں کی طرح پشاور میں بھی یوم عاشور مذہبی عقیدت سے منایا گیا۔
پشاور
پشاورمیں یوم عاشور پرمختلف امام بارگاہوں سے 12 جلوس برآمد ہوئے ہیں، پہلا جلوس صبح 11 بجے امام بارگاہ سید علی شاہ رضوی کوچہ جان پیپل منڈی سے برآمد ہوا۔
جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے پولیس کے 13 ہزار 500 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جلوس کی گزرگاہوں کو کلیئر کرنے کے لیے بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار موجود ہیں، جلوسوں کی طرف جانے والے تمام راستے سیل کردیے گئے جب کہ شہر بھر میں موبائل فون سروس بند ہے۔
لاہور
10 محرم کا مرکزی جلوس لاہور کی نثار حویلی سے برآمد ہوا، جلوس میں ہزاروں عزادار شریک ہیں، حضرت امام حسینؓ کے بیٹے حضرت علی اکبرؓ کی آخری اذان کا تذکرہ اور نبیؐ کے گھرانے پر مظالم کے غم میں زنجیروں کا ماتم ہوا۔
لاہور سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس مغرب کے بعد گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
مرکزی جلوس کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کے روٹ کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے گئے ہیں، مرکزی جلوس کی 395 سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، مرکزی جلوس کی مانیٹرنگ کیلئے3 آپریشن روم قائم کئے گئے ہیں۔
جلوس کی سکیورٹی پر 11 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، مرکزی جلوس کے داخلی راستے پر پانچ مقامات پر تلاشی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
کراچی
کراچی میں عاشورہ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگیا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔
نشتر پارک میں یومِ عاشور کی مجلس ہوئی جس سے علامہ سید شہنشاہ نقوی نے خطاب کیا جس کے بعد مرکزی جلوس برآمد ہوا۔
مرکزی جلوس میں عزاداروں کی جانب سے غم حسین میں نوحہ خوانی اور ماتم کا سلسلہ جاری ہے، جلوس کے راستوں میں پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئی ہیں، جبکہ نیاز و تبرک بھی تقسیم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔
حیدرآباد، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، پشاور اور کوئٹہ میں بھی 10 محرم کے جلوس برآمد ہوئے۔
جلوسوں کے اختتام پر مجالس شام غریباں منعقد ہوں گی، جن میں امام عالی مقامؓ، ان کے عزیزوں اور ساتھیوں کی شہادت کے بعد نبیؐ کے گھرانے کی خواتین پر مظالم بیان ہوں گے۔
کوئٹہ
کوئٹہ میں دسویں محرم الحرام کا جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوگیا جو نماز مغرب پر دوبارہ علمدار روڈ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔
جلوس کیلئے شہر میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں جس کیلئے پولیس اور ایف سی کے 8 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، جلوس کی کیمروں سے اور فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے، شہر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی اور موبائل فون سروس بند ہے۔

مزید پڑھیں:  بجلی کا یونٹ 2 روپے 94 پیسے مزید مہنگا ہونے کا امکان