پشاور ریجن ویمن کرکٹ ٹیم

پشاور ریجن ویمن کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کیلئے ٹرائلز کا شیڈول جاری

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ملک بھر میں باصلاحیت خواتین کرکٹرز کی تلاش کی حکمت عملی کے تحت پشاور ریجن کے ٹرائلز کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ ٹرائلز 29 اگست کو معاذاللہ خان کرکٹ اکیڈیمی پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہونگے۔ اس حوالے سے ریجنل کوآرڈینیٹر حاجرہ سرور نے بتایا کہ ٹرائلز کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس میں مختلف عمر کی خواتین کرکٹرز کو اپنی صلاحیت دکھانے اور آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرینگے۔ ان ٹرائلز کی نگرانی قومی ویمنز سلیکشن کمیٹی کرے گی جس کے سربراہ سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم جعفر ہیں اور اس میں سابق انٹرنیشنل کرکٹرز مرینہ اقبال اور اسماویہ اقبال بھی شامل ہیں۔
ٹرائلز تین کیٹگریز انڈر 19 (کھلاڑی کی پیدائش یکم ستمبر 2004 یا اس کے بعد کی ہو)، ایمرجنگ اور سینئر کیٹگریز میں ہوں گے۔ ٹرائلز سے سلیکشن کمیٹی کو ٹیلنٹ تلاش کرنے اور پاکستان انڈر 19 اور ایمرجنگ سکواڈز کی سلیکشن میں مدد ملے گی۔
پاکستان ایمرجنگ ٹیم اکتوبر میں ویسٹ انڈیز ایمرجنگ اور پاکستان انڈر 19 ٹیم بنگلہ دیش میں جنوری 2024 میں انڈر 19 کے تین ملکی ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹرائلز کے ذریعے ہم نئی باصلاحیت کرکٹرز کو آگے لانے کے لیے کوشاں ہیں۔
ٹرائلز شیڈول کے مطابق 23 اگست حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی اور انضمام الحق ہائی پرفارمنس سینٹر ملتان میں منعقد ہونگے۔
24 اگست کو ویمن سپورٹس سینٹر بہاولپور اور کینرڈ کالج فار ویمن لاہور جبکہ 28 اگست کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں راولپنڈی/ اسلام آباد ریجنز کے ٹرائلز لئے جائینگے۔
30 اگست کو ایبٹ آباد سٹیڈیم جبکہ 31 اگست کو بگٹی سٹیڈیم کوئٹہ میں کھلاڑیوں کی سلیکشن کیلئے ٹرائلز لئے جائیں گے۔

مزید پڑھیں:  بنوں، لیکچرر سلیم خان پر حملے کیخلاف اساتذہ کا احتجاج، ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ