لیبیا، سمندری طوفان ڈنیال میں شدت، اموات 5 ہزار سے متجاوز

ویب ڈیسک: براعظم شمالی افریقہ کے ملک لیبیا میں آنے والے سمندری طوفان ڈنیال میں مزید شدت آتی جا رہی ہے اور اس سے ہونیوالی ہلاکتیں 5 ہزار سے متجاوز ہو چکی ہیں جبکہ اس دوران 10 ہزار شہری تاحال لاپتہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق لیبیا میں بحیرہ روم سے آنے والے سمندری طوفان کے نتیجے میں سینکڑوں عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں۔
لیبیا کی وزارت داخلہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک کے شمال مشرقی ساحلی علاقوں سے ٹکرانے والے سمندری طوفان ڈنیال سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے باعث اموات 5 ہزار سے متجاوز ہو گئی ہیں اور اس دوران لاپتہ ہونے والوں کی تلاش کا کام جاری ہے۔
وزارت داخلہ نے بتایا کہ سیلاب کی وجہ سے 10 ہزار افراد لاپتا ہیں، 15 سو افراد کی لاشیں تلاش کر لی گئی ہیں جبکہ باقی کی تلاش کا کام جاری ہے۔ حکام کے مطابق اب تک7 سو افراد کی لاشوں کو دفنایا جا چکا ہے۔
ذرائع کےمطابق بحیرہ روم سے آنے والے سمندری طوفان سے ملک میں ہر سو تباہی پھیلی ہوئی ہے اور ملک کے شمال مشرقی ساحلی علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ سمندری طوفان کے باعث لاپتہ ہونے والوں کی تلاش اور بہہ جانے والی عمارتوں سے لوگوں کے نکالنے کیلئَے ریسکیو آپریشن بدستور جاری ہے۔ تیل کی دولت سے مالا مال ملک آج انتہائی مشکل صورتحال کا شکار ہے۔ حکام کے مطابق ترکی سے امدادی ٹیمیں مشرقی لیبیا پہنچ گئی ہیں۔
اقوام متحدہ اور کئی ممالک نے امداد بھیجنے کی پیشکش کی جن میں الجزائر، مصر، فرانس، اٹلی، قطر اور تیونس شامل ہیں۔ پیرس کے مطابق فرانس ایک فیلڈ ہسپتال بھیج رہا ہے اور تقریباً 50 فوجی اور سویلین اہلکار روزانہ 500 افراد کا علاج کر سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  ترکیہ کا عالمی عدالت میں اسرائیل کیخلاف فریق بننے کا فیصلہ